ماسکو: روس نے یوکرین کے علاقے خیرسون میں 27 اکتوبر سے جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے، اور انسانی ہمدردی کی کارروائی میں سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔روسی وزارتِ دفاع نے جمعہ کو کہا ہے کہ روسی افواج انسانی ہمدردی کی کارروائی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے 27 اکتوبر کو ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 4 بجے سے خیرسون کے علاقے میں فائرنگ روک دیں گی اور ’’سائلنس رجیم‘‘ نافذ کریں گی۔روسی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور نائب وزیرِ دفاع اوّل ویلری گیراسیموف نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر اس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا تعلق علاقے میں طے شدہ انسانی ہمدردی کی کارروائی سے ہے۔روس یوکرین میلانیا ٹرمپ کی کوششوں سے اولیشکی میں جنگ بندی پر رضامند ہوئے، وائٹ ہاؤسوائٹ ہاؤس نے اس سے قبل جمعہ کو کہا تھا کہ امریکا نے اولیشکی میں مقامی سطح پر جنگ بندی کے معاہدے کو یقینی بنایا ہے، جس پر 29 اکتوبر سے عمل درآمد شروع ہوگا۔کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ امریکی خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ نے اولیشکی میں انسانی ہمدردی کے مشن کو منظم کرنے میں رابطہ کاری کا کردار ادا کیا۔اولیشکی دریائے دنیپر کے بائیں کنارے پر واقع ہے، جو یوکرین کے زیرِ کنٹرول شہر خیرسون کے بالمقابل ہے۔ اس قصبے کو سنگین انسانی بحران کا سامنا ہے، جہاں مسلسل لڑائی کے باعث خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی قلت مزید بڑھنے کی اطلاعات ہیں اور مقامی باشندے صورتِ حال کے بگڑنے کی نشان دہی کر رہے ہیں۔