8 ریاستوں میں بارش کا الرٹ، گوا میں لوگوں کا اُمس سے برا حال

Wait 5 sec.

ہندوستان کے کئی حصوں میں موسم کا مزاج بدلنے لگا ہے۔ دہلی میں صبح اور رات کے وقت ہلکی سردی محسوس ہونے لگی ہے، جبکہ دوپہر میں دھوپ نکلنے سے تھوڑی گرمی کا احساس ہو رہا ہے۔ دوسری طرف جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں اگلے چند دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمل ناڈو، کیرلم، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے بعض حصوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ انڈمان اور نکوبار جزائر میں بھی بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ گوا کا حال کافی مختلف ہے کیونکہ وہاں حبس یعنی اُمس سے لوگوں کا برا حال ہے۔دہلی میں اکتوبر کے آخری ہفتہ میں موسم میں ہلکی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ صبح اور رات کے وقت سڑکوں پر نکلنے والے لوگوں کو سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔ حالانکہ دوپہر میں دھوپ نکلنے کی وجہ سے درجۂ حرارت میں زیادہ گراوٹ محسوس نہیں ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق جمعرات کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجۂ حرارت 18 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ 27 اکتوبر تک موسم کا مزاج تقریباً ایسا ہی رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران دن میں دھوپ اور صبح و شام ہلکی سردی کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں 22 سے 27 اکتوبر کے درمیان بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 22 سے 27 اکتوبر کے دوران الگ الگ دنوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ کیرلم، ماہے اور لکشدیپ میں بھی اس مدت کے دوران کئی مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ کرناٹک اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں 22 سے 24 اکتوبر کے دوران وسیع پیمانے پر بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح شمالی اندرونی کرناٹک میں 22 سے 25 اکتوبر تک بعض مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ ساحلی آندھرا پردیش، یانم اور رائل سیما میں بھی 22 سے 27 اکتوبر کے دوران کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جنوبی ہندوستان کے بعض حصوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 22 سے 25 اکتوبر کے دوران بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ 26 اکتوبر کو بھی ان علاقوں میں شدید بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ کیرلم اور ماہے میں 22 اکتوبر اور 24 سے 25 اکتوبر کے دوران انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ 23 اکتوبر اور 26 سے 27 اکتوبر کو بھی بعض مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ لکشدیپ میں 23 اور 24 اکتوبر کو انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ جنوبی اندرونی کرناٹک میں 22 سے 25 اکتوبر کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ بھی ہے۔ تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 22 سے 26 اکتوبر کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ کیرلم، ماہے اور لکشدیپ میں 24 سے 25 اکتوبر کے دوران بھی ایسی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ ساحلی آندھرا پردیش، یانم، رائل سیما اور کرناٹک کے بعض حصوں میں بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔مشرقی ہندوستان میں انڈمان اور نکوبار جزائر میں 22 سے 27 اکتوبر تک کئی مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اڈیشہ میں 26 اور 27 اکتوبر کو کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شمال مغربی، وسطی، مغربی اور شمال مشرقی ہندوستان میں اس ہفتہ موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔