سیئول: شمالی کوریا کے رہنما کی بہن کم یو جونگ نے جنوبی کوریا کو دھمکی دی ہے، اور کہا کہ سرحد پر لاؤڈ اسپیکر چند روز میں فعال کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔روئٹرز کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی بااثر بہن کِم یو جونگ نے جمعرات کو کہا ہے کہ شمالی کوریا چند روز کے اندر پوری سرحد پر جنوبی کوریا مخالف لاؤڈ اسپیکر نصب کر کے انھیں فعال کرنے کے لیے تیار حالت میں رکھے گا۔کم یو جونگ نے بیان میں سیئول کو خبردار کیا کہ اگر جنوبی کوریا نے وہ سرگرمیاں جاری رکھیں جنھیں پیانگ یانگ شمالی کوریا کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتا ہے، تو اسے ’’انتہائی خوف ناک اور پریشان کن صورتِ حال‘‘ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو بعض ایسی نئی جوابی کارروائیوں کے لیے بھی تیاری مکمل کر لی ہے، فی الوقت جن کی کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔بدھ کی شام سینئر فوجی حکام کے ہمراہ سرحدی دفاعی تنصیبات کا دورہ کرنے کے بعد کم یو جونگ نے کہا تھا کہ شمالی کوریا اکتوبر کے اختتام تک سرحد پر جنوبی کوریا مخالف لاؤڈ اسپیکر فعال کر دے گا۔امریکا کا مشرقِ وسطیٰ میں فوجی اڈوں پر موجودگی کم کرنے کا فیصلہانھوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی ٹیکٹیکل فوجی یونٹوں نے نئی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔ انھوں نے جنوبی کوریا کی فوج پر الزام لگایا کہ اس نے سرحد کے قریب متعدد مقامات پر وارننگ نشریات کیں اور انتباہی فائرنگ کی۔ جب کہ جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ انتباہی فائرنگ ’’جائز اور دفاعی اقدامات‘‘ کے طور پر کی گئی تھی۔کم یو جونگ نے خبردار کیا کہ اگر انتباہی فائرنگ کے نتیجے میں شمالی کوریا کی سرزمین یا اس کے اہلکاروں کو نقصان پہنچا تو شمالی کوریا کی فوج جنوبی کوریا کی فورسز کو ’’بے رحمی سے ختم کر دے گی۔‘‘جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ اگر شمالی کوریا نے اپنی دھمکیوں پر عمل کیا تو سیئول ’’متناسب اقدامات‘‘ کرے گا، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔