کیرلم میں بڑا ٹرین حادثہ ٹلا، پراسلا کے قریب بلاس پور-ترونیل ویلی ایکسپریس کا انجن پٹری سے اترا، ریلوے ٹریک متاثر

Wait 5 sec.

جنوبی کیرلم میں پراسلا ریلوے اسٹیشن کے قریب جمعرات کی صبح لینڈ سلائیڈنگ کے سبب بلاس پور-ترونیل ویلی ایکسپریس کا انجن پٹری سے اتر گیا، جس کی وجہ سے ریل خدمات متاثر ہوئیں۔ ریلوے نے 6 مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں اور متاثرہ ایکسپریس ٹرین کو جزوی طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ یہ حادثہ آدھی رات میں تقریباً 2:19 بجے پیش آیا، جب لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ٹرین نمبر 22619 بلاس پور-ترونیل ویلی ایکسپریس کو پراسلا کے قریب روکنا پڑا۔ ریلوے نے بتایا کہ ٹرین رکنے پر پتہ چلا کہ اس کا انجن پٹری سے اتر گیا ہے۔ جنوبی ریلوے نے ایک بیان میں کہا کہ سبھی مسافر اور ریلوے ملازمین محفوظ ہیں۔ ریلوے نے بتایا کہ ٹرین کو آگے بڑھانے کے لیے فوری طور پر ایک دوسرا انجن (ریلیف لوکوموٹیو) منگوایا گیا۔ اس کے ساتھ ہی بحالی کا کام شروع کرنے اور ریل خدمات دوبارہ بحال کرنے کے لیے ملازمین اور ضروری سامان کے ساتھ ایک ’ایکسیڈنٹ ریلیف ٹرین‘ (اے آر ٹی) کو جائے وقوعہ پر بھیجا گیا۔جنوبی ریلوے نے اپڈیٹ میں بتایا کہ بلاس پور-ترونیل ویلی ایکسپریس، جس نے 20  اکتوبر کو بلاس پور سے اپنا سفر شروع کیا تھا، اب نیاتنکارا میں ہی اپنا سفر ختم کرے گی۔ نیاتنکارا اور ترونیل ویلی کے درمیان کا سفر جزوی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے اور مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ پراسلا ریلوے اسٹیشن کے قریب بحالی کے کاموں کی وجہ سے جمعرات کے روز چلنے والی 6 مسافر ٹرینوں کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ منسوخ کی گئی ٹرینوں میں ترووننت پورم نارتھ-ناگرکوئل جنکشن پسنجر، ناگرکوئل جنکشن-کولم جنکشن پسنجر، ناگرکوئل جنکشن-ترووننت پورم نارتھ پسنجر، کولم جنکشن-ناگرکوئل جنکشن پسنجر اور ترووننت پورم نارتھ-ناگرکوئل جنکشن پسنجر شامل ہیں۔کنیاکماری سے صبح 3:45 بجے روانہ ہونے والی کنیاکماری-منگلورو سینٹرل پرشورام ایکسپریس کے وقت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب یہ ٹرین صبح 7 بجے روانہ ہوگی، یعنی اس میں 3 گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر ہوگی۔ جنوبی ریلوے نے ٹرین خدمات سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرنے کے خواہش مند مسافروں کے لیے 9188241681، 9188523905 اور 8590137970 عارضی رابطہ نمبر جاری کیے ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب اس علاقے میں شدید بارش ہو رہی تھی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بدھ کے روز ترووننت پورم ضلع کے لیے ’اورنج الرٹ‘ جاری کیا تھا، جس میں بہت شدید بارش کی وارننگ دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ 22 اکتوبر سے 25 اکتوبر تک کے لیے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے، جس میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔