کیلیفورنیا : امریکا میں بھارتی شہری کا خطرناک منصوبہ بے نقاب ہوگیا ملزم نے بیوی کو قتل کرکے امیگریشن اہلکاروں پر اغوا کا الزام لگانے کی ناکام کوشش کی۔ریاست کیلیفورنیا میں پولیس نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں 28 سالہ بھارتی شہری گوریندر گل کو گرفتار کرلیا۔ملزم نے مبینہ طور پر قتل کا راز چھپانے کے لیے امیگریشن حکام پر اپنی اہلیہ کو اغوا کرکے لے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گوریندر گل کی 30 سالہ اہلیہ جیسمین گل کو آخری مرتبہ 30 ستمبر کو سیکرامنٹو میں واقع ان کی رہائش گاہ پر دیکھا گیا تھا۔ جیسمین کے لاپتا ہونے کے چار روز بعد مقتولہ کے کزن نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران گوریندر گل نے دعویٰ کیا کہ جیسمین گھر کے باہر ڈاک دیکھ رہی تھی کہ اسی دوران امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے اہلکار وہاں پہنچے اور اسے اپنی تحویل میں لے کر چلے گئے۔تاہم پولیس کی جانب سے تحقیقات کے دوران متعلقہ امیگریشن ادارے سے رابطہ کیا گیا تو حکام نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ رہائش گاہ پر اس نوعیت کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔حکام کے مطابق تحقیقات آگے بڑھنے کے ساتھ گوریندر گل کے بیانات میں تضادات سامنے آنے لگے، جس کے بعد پولیس کا شک مزید گہرا ہوگیا، تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ گوریندر اور جیسمین کے درمیان طلاق اور بچے کی تحویل کا تنازع جاری تھا۔پولیس کے مطابق یکم اکتوبر کو ایل ڈوراڈو کاؤنٹی سے انسانی باقیات ملی تھیں، بعد ازاں فرانزک تحقیقات کے ذریعے ان باقیات کی شناخت جیسمین گل کے طور پر کی گئی۔شواہد جمع کرنے کے بعد پولیس نے گوریندر گل کے خلاف قتل کے الزام میں گرفتاری کا وارنٹ حاصل کیا اور اسے 14 اکتوبر کو گرفتار کرلیا۔واقعے پر امریکی امیگریشن حکام نے بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گوریندر گل کے دعوے کو مسترد کیا۔حکام کے مطابق بعض ملزمان اپنے جرائم سے توجہ ہٹانے اور خود کو قانونی کارروائی سے بچانے کے لیے سرکاری اداروں یا ان کے اہلکاروں پر الزامات عائد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ قتل کے محرکات اور واقعے سے متعلق دیگر شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔