آسٹریلیا(23 اکتوبر 2026): پیشہ ورانہ ذمہ داری اپنی جگہ لیکن انسانی جان سب سے مقدم ہے، اس بات کا عملی مظاہرہ آسٹریلیا میں سیلاب کی کوریج کرنے والے ایک صحافی نے کر دکھایا جو لائیو رپورٹنگ چھوڑ کر خود ریسکیو مشن کا حصہ بن گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں جاری سیلابی صورتحال کی رپورٹنگ کے دوران صحافی کی نظر ایک ایسی کار پر پڑی جو تیز سیلابی پانی میں تیزی سے ڈوب رہی تھی، جبکہ اس کا ڈرائیور اندر پھنس کر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھا۔صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے صحافی نے ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا، اس نے اپنا کیمرہ ایک طرف رکھا اور فوراً ڈوبتی ہوئی گاڑی کی جانب چھلانگ لگا دی۔اس دوران ایک اور مقامی شہری بھی مدد کے لیے آگے بڑھ گیا اور دونوں نے انتہائی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرائیور کو بحفاظت گاڑی سے باہر نکال لیا۔صحافی کے اس بروقت اور بہادرانہ اقدام کو سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے، اور اسے انسانیت کی ایک بہترین مثال قرار دیا جا رہا ہے۔