تبت : چین میں 7.0 شدت کے خوفناک زلزلے نے تباہی پھیلادی، سیکڑوں مکانات زمین بوس ہو گئے، جس میں سولہ افراد ہلاک اور پینسٹھ زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق چین کے علاقے تبت کے پہاڑی سلسلے میں 7.0 شدت کے خوفناک زلزلے کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 16 افراد ہلاک اور 65 شدید زخمی ہو گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز لہاسا سے 390 کلومیٹر دور شمال مشرق میں تھا۔زلزلے کے شدید جھٹکوں سے سیکڑوں مکانات زمین بوس ہو گئے جبکہ درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔زلزلے کے بعد 4.3 اور 5.2 شدت کے دو بعد از زلزلہ جھٹکے (آفٹر شاکس) بھی محسوس کیے گئے حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں زلزلے کے وقت ریستورانوں کے ملازمین کو خوفزدہ ہو کر باہر بھاگتے اور سپر مارکیٹوں کی شیلفوں سے سامان گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔FOLLOW US ON ARY TUBEشدید زلزلے کے باعث مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے جبکہ ریلوے حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر متاثرہ علاقوں سے گزرنے والی ٹرینوں کی آمدورفت روک دی ہے۔متاثرین نے سخت سردی میں رات کھلے میدان میں گزاری، جہاں انہیں خیمے، بستر، خوراک، ٹارچز اور گرم کپڑے فراہم کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے چین میں زلزلے سے ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا "پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے میں صدر شی جن پنگ، چینی بہن بھائیوں اور بالخصوص متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔”