نئی دہلی: کانگریس نے پنجاب میں منشیات کے پھیلاؤ کی حقیقت سامنے رکھنے والے دیہاتی گلزار سنگھ کی خودکشی کے معاملے میں ریاستی وزیرِ خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی (عآپ) کی حکومت منشیات کے خلاف کارروائی کے بڑے بڑے دعوے کر رہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ نشہ پنجاب کے گھر گھر تک پہنچ چکا ہے۔کانگریس کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پرتاپ سنگھ باجوہ نے کہا کہ ’عآپ‘ حکومت پنجاب میں منشیات کے خاتمے کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں منشیات کی صورت حال انتہائی سنگین ہے اور حکومت کے دعووں اور زمینی حقیقت میں واضح فرق ہے۔باجوہ نے بتایا کہ سنگرور ضلع میں ایک عوامی جلسہ کے دوران وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ جب منشیات کے خلاف جنگ میں حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کر رہے تھے، تو دلت برادری سے تعلق رکھنے والے گلزار سنگھ نے کھل کر ان کے دعوے کو غلط قرار دیا تھا۔ کانگریس لیڈر کے مطابق اگلے ہی روز حکمراں جماعت سے وابستہ افراد نے سوشل میڈیا کے ذریعے گلزار سنگھ پر معافی مانگنے کے لیے دباؤ ڈالا۔باجوہ نے الزام لگایا کہ مسلسل ذہنی دباؤ اور ہراسانی سے پریشان ہو کر گلزار سنگھ نے زہریلی دوا کھا لی۔ ان کے مطابق گلزار نے اپنی موت سے پہلے دیے گئے بیان میں وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ کو بھی دھمکانے کے لیے ذمہ دار قرار دیا تھا۔ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ چیمہ سے استعفیٰ لیا جائے، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔باجوہ نے عام آدمی پارٹی کے اندرونی اجلاس کی ایک وائرل ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی کی قیادت پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت قائم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کی باتیں اس حکومت کے ’’شرمناک چہرے‘‘ کو بے نقاب کرتی ہیں۔انہوں نے پنجاب میں پولیس کے کردار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ آزادی کے بعد پہلی بار پورا پنجاب ’’پولیس اسٹیٹ‘‘ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق کسانوں، مزدوروں، منریگا کارکنوں، آشا ورکروں اور نوجوانوں کے احتجاج کو دبانے کے لیے پولیس کا سخت استعمال کیا جا رہا ہے۔باجوہ نے نابھا جیل بریک کے دوران فرار ہونے والے اور 47 مقدمات میں ملزم گینگسٹر گرپریت سنگھ سیخوں کو عام آدمی پارٹی میں شامل کیے جانے کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت دیگر بدنام گینگسٹروں کو بھی سیاسی تحفظ فراہم کر رہی ہے اور ان کے قریبی لوگوں کو عہدے دیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں کھلے عام تاوان وصولی کا کھیل جاری ہے۔سرحد پار سے منشیات کی سپلائی کا ذکر کرتے ہوئے باجوہ نے مرکز کی بی جے پی حکومت اور پنجاب کی ’عآپ‘ حکومت، دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی ریاست پنجاب میں پاکستان سے ڈرون کے ذریعے ہتھیار اور منشیات پہنچ رہی ہیں، لیکن دونوں حکومتیں اسے روکنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے اپنے علاقے میں بھی منشیات کی کھلے عام فروخت ہو رہی ہے۔