ٹرمپ نے حوثیوں پر حملے کی سعودی ولی عہد کی درخواست مسترد کر دی: ایگزیوس

Wait 5 sec.

واشنگٹن(11 ستمبر 2026): امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے حوثیوں پر حملے کی سعودی ولی عہد کی درخواست مسترد کر دی۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے یمنی حوثی باغیوں پر فوجی حملے کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ایگزیوس نے دو امریکی اہلکاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد نے گزشتہ روز صدر ٹرمپ کو دو بار فون کیا اور زور دیا کہ امریکا حوثیوں کے خلاف براہِ راست فوجی کارروائی کرے، تاہم صدر ٹرمپ نے اس سے صاف انکار کر دیا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن فی الحال حوثیوں کے خلاف براہِ راست عسکری کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، البتہ وہ سعودی عرب کو حوثیوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات اور اہداف کے تعین میں بھرپور مدد فراہم کرے گا۔حکام کے مطابق امریکا اس وقت بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی مکمل آزادی کو یقینی بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، اور اس حوالے سے علاقائی استحکام کے لیے سعودی عرب اور یمن کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔