شہزادی ڈیانا کے مشہور ’ریونج ڈریس‘ کی نیلامی، کتنی بولی لگ سکتی ہے؟

Wait 5 sec.

لندن: سابق برطانوی شہزادی ڈیانا کا مشہور سیاہ لباس نیلامی کے لیے پیش کردیا گیا ہے، جسے برطانوی شہزادی نے 1994 میں اس وقت زیب تن کیا تھا جب ان کے سابق شوہر، شہزادہ چارلس نے ایک ٹیلی وژن پروگرام میں ازدواجی زندگی میں بے وفائی کا اعتراف کیا تھا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونانی ڈیزائنر کرسٹینا اسٹامبولین نے یہ لباس تیار کیا تھا، جسے شہزادی ڈیانا نے 20 نومبر 1994 کو لندن کی سرپینٹائن گیلری میں منعقدہ ایک تقریب میں زیب تن کیا تھا۔اس لباس کو شہزادی کی پراعتماد آمد نے پاپ کلچر کا ایک یادگار لمحہ بنا دیا تھا، جس کے بعد میڈیا نے اسے ’ریونج ڈریس‘ کا نام دے دیا تھا۔سوتھبیز میں ہینڈ بیگز کی عالمی سربراہ مورگن ہالی کے مطابق، ڈیانا فطری طور پر سمجھتی تھیں کہ فیشن بذاتِ خود ایک زبان ہوسکتا ہے۔ شہزادی نے اپنی مرضی اور انداز کے مطابق اس لباس کو اپنے پیغام کا انتہائی طاقتور ذریعہ بنایا۔شہزادی کے لباس کی نیلامی کرانے والے ادارے سوتھبیز کے مطابق، لباس کی قیمت 3 لاکھ ڈالر، یعنی تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ جبکہ نیلامی 9 دسمبر کو ہوگی۔سوتھبیز کے مطابق 1997 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب یہ لباس نیلامی کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل شہزادی ڈیانا اپنے 79 ملبوسات نیلام کرچکی تھیں اور ان سے حاصل ہونے والی رقم کو فلاحی اداروں کو دے دیا گیا تھا۔شہزادی ڈیانا کی زندگی پر خفیہ فلم، کیا میگھن مارکل اہم کردار ادا کریں گی؟رپورٹس کے مطابق شہزادی کی الماری سے وابستہ دیگر اشیا بھی ماضی میں بھاری قیمتوں پر نیلام ہوچکی ہیں، 2023 میں ان کا مشہور سیاہ بھیڑوں والا سویٹر نیویارک میں سوتھبیز کی نیلامی میں 9 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ میں نیلام ہوا تھا۔