ڈوسو انتخابات: این ایس یو آئی نے کیا امیدواروں کا اعلان، صدر کے لیے وجے شنکر مینا میدان میں

Wait 5 sec.

نئی دہلی: کانگریس سے وابستہ طلبہ تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین (ڈی یو ایس یو، ڈوسو) انتخابات 2026-27 کے چار اہم عہدوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ تنظیم نے صدر کے عہدے کے لیے وجے شنکر مینا کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ ویر چترتھ نائب صدر، نمرتا چودھری سیکریٹری اور گوپال چودھری مشترکہ سیکریٹری کے عہدے کے امیدوار ہوں گے۔این ایس یو آئی نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے مفادات کو اولین ترجیح دینے کی اپیل کی۔ تنظیم نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ ایک مضبوط، محفوظ اور بہتر دہلی یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے این ایس یو آئی کا ساتھ دیں۔دریں اثنا، دہلی یونیورسٹی کی جانب سے جاری کی گئی حتمی عارضی فہرست کے مطابق ڈوسو انتخابات میں صدر کے عہدے کے لیے مجموعی طور پر سات امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں اننیا راٹھوڑ، اشمت کمار، اعجاز منصوری، سمرتھ بینیوال، سمیر کمار، وجے شنکر مینا اور یش ڈباس شامل ہیں۔نائب صدر کے عہدے کے لیے پانچ امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ان کے نام ارنیا سنگھ راٹھوڑ، دیپانشو شوکین، ایشو موریہ، ویر چترتھ اور اکشت شکھر ہیں۔ یونیورسٹی کے مطابق شکایت ازالہ سیل کی سفارش کے بعد اکشت شکھر کا نامزدگی فارم درست پایا گیا اور ان کا نام امیدواروں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔سیکریٹری کے عہدے کے لیے چار امیدواروں کے نام عارضی فہرست میں شامل ہیں۔ ان میں نمرتا چودھری، پنکج کمار، ریا چھاوڑی اور اسٹینزن ڈیسک یانگ شامل ہیں۔ اسی طرح مشترکہ سیکریٹری کے عہدے کے لیے بی. پریجات، گوپال چودھری، لکشیا راج سنگھ اور ویشیش یادو انتخاب لڑیں گے۔یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ امیدواروں کی جاری کردہ فہرست عارضی ہے اور ان کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کی تفصیلی جانچ ابھی کی جانی ہے۔ کسی امیدوار کی فراہم کردہ معلومات میں بے ضابطگی پائے جانے کی صورت میں اس کی نامزدگی منسوخ کی جا سکتی ہے۔ڈوسو انتخابات کے لیے 18 ستمبر کو ووٹنگ ہوگی۔ صبح کی شفٹ والے کالجوں کے طلبہ صبح 8:30 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ووٹ ڈال سکیں گے، جبکہ شام کی شفٹ والے کالجوں کے طلبہ دوپہر 3 بجے سے شام 7:30 بجے تک اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔19 ستمبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور اسی روز نتائج کے اعلان کا امکان ہے۔ امیدواروں کو نامزدگی واپس لینے کے لیے جمعہ کی دوپہر 12 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا، جس کے بعد حتمی فہرست جاری کی جانی ہے۔