دہلی (13 ستمبر 2026): بھارت کے تجزیہ نگار اجے شکلا نے بڑا انکشاف کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان کی جی ڈی پی زیرو ہے۔دہلی میں برکس سربراہی اجلاس کے دوران بھارتی تجزیہ کار نے خود اپنے ملک کی ’’شائننگ انڈیا‘‘ کی حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے تلخ حقائق بیان کر دیے ہیں اور مودی سرکار کی معاشی ناکامی پر کڑی تنقید کی ہے۔بھارتی معروف تجزیہ نگار اجے شکلا نے مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اب تک منعقدہ برکس اجلاسوں سے ہمیں کچھ حاصل نہیں ہوا۔ حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان کی جی ڈی پی زیرو ہے۔اجے شکلا نے کہا کہ ہندوستان میں بیروزگاری اتنی ہے کہ لوگ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں اور بھارتیوں کی حالت یہ ہے کہ پانچ، پانچ اور آٹھ آٹھ ہزار روپے کی نوکری کے لیے بھی طویل قطاریں لگ رہی ہیں۔دوسری جانب مودی حکومت کی برکس اجلاس کے موقع پر اپنی ناکامی چھپانے کے لیے نئی دلی کی سڑکوں کے کنارے ٹینٹ لگا دیے ہیں۔ کچی آبادیوں کے اطراف ٹینٹ لگائے جانے، راستوں کی بندش اور ٹریفک جام سے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور وہ انتظامیہ پر پھٹ پڑے ہیں۔نئی دہلی کی کچی بستیوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت پردے لگا کر غربت کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن حقیقت چھپائی نہیں جا سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سربراہان سے ہماری غربت چھپانے کیلیے یہاں ٹینٹ لگائے جا رہے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں آبادیوں کے اطراف ٹینٹ لگائے جانے سے گھٹن بڑھ گئی اور زندگی عذات بن گئی ہے۔