دہلی(9 ستمبر 2026): بھارتی دارالحکومت دہلی کے سابق چیف سیکرٹری راکیش مہتا نوئیڈا میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق انیس سو پچھتر بیچ کے آئی اے ایس افسر اور پچھتر سالہ راکیش مہتا چھ ستمبر کو نوئیڈا کے سیکٹر بیاسی میں واقع اپنے فلیٹ میں مبینہ طور پر خودکشی کر گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک مبینہ خودکشی کا نوٹ بھی ملا ہے، جس میں انہوں نے اپنی ذہنی حالت اور صحت سے متعلق مسائل کو اس انتہائی قدم اٹھانے کی وجہ قرار دیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فارنزک ٹیم نے فلیٹ کا معائنہ کرکے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔واقعے کے وقت راکیش مہتا کی اہلیہ سمنتی مہتا دہرادون میں اپنے بیٹے کے پاس موجود تھیں۔ شوہر کی جانب سے مسلسل فون کا جواب نہ دیے جانے پر انہیں تشویش ہوئی، جس کے بعد اس کا علم ہوا۔پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں اور مبینہ نوٹ کے مندرجات کی باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔