بینک ملازمین کی 5 روزہ ورکنگ کے مطالبہ پر جمعہ کو ملک گیر ہڑتال، بینکنگ خدمات متاثر ہونے کا امکان

Wait 5 sec.

ہندوستان میں بینک ملازمین کی متعدد یونینوں نے ہفتے میں 5 دن کام اور دو دن تعطیل کے مطالبہ کو لے کر جمعہ، 11 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ہڑتال کی اپیل یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز (یو بی ایف یو) نے کی ہے۔ یونینوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور بینک انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ وار دو تعطیلات کے مطالبے پر فیصلہ نہ کیے جانے کے باعث انہیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔یو بی ایف یو کے مطابق ہڑتال کے دوران بینک کی شاخیں بند رہیں گی اور اس روز شاخوں سے فراہم کی جانے والی معمول کی بینکنگ خدمات دستیاب نہیں ہوں گی۔ اس کے نتیجے میں صارفین کو نقد رقم نکالنے، چیک جمع کرانے، بینک سے متعلق دیگر شاخی خدمات اور بعض دیگر کاموں کے لیے دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم ڈیجیٹل بینکنگ، اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ اور آن لائن لین دین جیسی خدمات کے دستیاب رہنے کا امکان ہے، اگرچہ ہڑتال کے باعث متعلقہ بینکوں کی کچھ خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔بینک یونینیں کئی برس سے ہفتے میں 5 دن کام اور ہفتہ و اتوار کو تعطیل کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ انڈین نیشنل بینک آفیسرز کانگریس کا کہنا ہے کہ برکس کے 10 میں سے 9 ممالک میں بینک ہفتے میں 5 دن کام کرتے ہیں۔ یو بی ایف یو نے اپنے بیان میں کہا کہ کئی برس تک بینک پیر سے جمعہ تک پورا دن اور ہر ہفتے ہفتہ کے روز نصف دن کام کرتے تھے۔ مئی 2015 میں انڈین بینکس ایسوسی ایشن اور بینک انتظامیہ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد ہر ماہ کے دوسرے اور چوتھے ہفتہ کو بینک تعطیل قرار دیا گیا، جبکہ باقی ہفتہ کو پورا دن کام کرنے کا انتظام کیا گیا۔یونین کا کہنا ہے کہ اس وقت یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی کہ مستقبل میں تمام ہفتہ کو تعطیل قرار دینے کی کوشش کی جائے گی۔ یو بی ایف یو کے مطابق مارچ 2024 میں ہونے والے معاہدے میں بھی انڈین بینکس ایسوسی ایشن اور بینک انتظامیہ نے ہفتہ کو تعطیل قرار دینے پر اتفاق کیا اور اس سلسلے میں منظوری کے لیے وزارتِ خزانہ، حکومت ہند کو سفارش بھیجی گئی۔یو بی ایف یو کا الزام ہے کہ اس سفارش کو بھی ڈھائی سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود وزارتِ خزانہ کی منظوری نہیں مل سکی۔ یونین کے مطابق حکومت ہفتے میں پانچ روزہ بینکنگ نظام نافذ کرنے کے بارے میں کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرا سکی، جس کے بعد احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔یو بی ایف یو نے صرف 11 ستمبر کی ہڑتال کا اعلان نہیں کیا بلکہ 28، 29 اور 30 ستمبر کو بھی ہڑتال کی کال دی ہے۔ اس کے علاوہ یونین نے 26 اکتوبر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی وارننگ بھی دی ہے۔ یو بی ایف یو 7 بینک یونینوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ وہ سرکاری شعبہ، نجی شعبہ، غیر ملکی بینکوں، علاقائی دیہی بینکوں اور کوآپریٹو بینکوں سمیت بینکنگ شعبہ کے 90 فیصد سے زیادہ ملازمین کی نمائندگی کرتا ہے۔