’امت شاہ کی نگرانی میں دہلی جرائم کی راجدھانی بن گئی‘، منی پوری موسیقار وکرم کے قتل پر کھڑگے کا تلخ تبصرہ

Wait 5 sec.

منی پور سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ میوزک ٹیچر کا گزشتہ دنوں دہلی میں کچھ لوگوں نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ اس واقعہ کے بعد مرکز کی مودی حکومت اپوزیشن کے نشانے پر ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اس بہیمانہ قتل واقعہ پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ہدف تنقید بنایا ہے اور یہ الزام عائد کیا ہے کہ دہلی ان کی نگرانی میں جرائم کی راجدھانی بن چکی ہے۔The merciless lynching of Chongtham Vikram Singh ji, a well-known musician from Manipur, by a mob is yet another chilling reminder of the utter lawlessness under the BJP.Students are unsafe. Women face atrocities every day. People from Northeast India face discrimination.… pic.twitter.com/uGfjNCYvbn— Mallikarjun Kharge (@kharge) September 8, 2026سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کھڑگے نے کہا ہے کہ ’’منی پور کے معروف موسیقار چونگتھم وکرم سنگھ جی کو ایک ہجوم کے ہاتھوں بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر قتل کیا جانا، بی جے پی کے دور میں مکمل لاقانونیت کی ایک اور خوفناک یاد دہانی ہے۔ طلبا محفوظ نہیں ہیں، خواتین کو ہر روز مظالم کا سامنا ہے، شمال مشرقی ہندوستان کے لوگوں کو امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دلت، آدیواسی اور اقلیتیں انتہائی غیر محفوظ اور خطرات سے دوچار ہیں۔‘‘ امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’وزیر داخلہ امت شاہ کی نگرانی میں دہلی جرائم کی راجدھانی بن گئی ہے۔ این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق قومی راجدھانی میں جرائم کی سطح سال در سال سب سے زیادہ درج کی جا رہی ہے۔‘‘منی پوری موسیقار وکرم سنگھ  کی موت پر کھڑگے نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’غم زدہ خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے۔ وہ انصاف کے حق دار ہیں اور اس کے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے لکھا کہ ’’مودی حکومت کی نااہلی نے منی پور کے لوگوں کو اپنی ریاست کے اندر اور اس کے باہر بھی مصائب برداشت کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔‘‘منی پور کے موسیقار وکرم سنگھ کے قتل پر کانگریس نے امت شاہ سے مانگا جواب، غیر جانبدارانہ اور مکمل جانچ کا مطالبہقابل ذکر ہے کہ 55 سالہ وکرم سنگھ کو کچھ لڑکوں نے ان کے دہلی واقع گھر کے دروازے پر ہی مار ڈالا۔ گھر کے اندر ہی ان کی بیوی اور بیٹا موجود تھے، لیکن وہ جب تک کچھ کر پاتے، بہت دیر ہو چکی تھی۔ اس خوفناک واقعہ کے کچھ سی سی ٹی وی فوٹیج دہلی پولیس کے ہاتھ لگے ہیں، جن سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ملزم لڑکوں نے وکرم سنگھ کو کس بربریت کے ساتھ مارا تھا۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ مار پیٹ کے بعد ملزمین سیڑھیوں سے اتر کر فرار ہو گئے۔ اس کے 10 منٹ بعد بری طرح زخمی وکرم سنگھ کو ان کا بیٹا اسپتال لے جاتے ہوئے نظر آیا۔دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ وکرم سنگھ کو ملزم لڑکوں نے تیسری منزل تک دوڑایا اور بے رحمی سے مارا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں رات تقریباً 12.06 بجے انھیں بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ شور سن کر وکرم سنگھ کا بیٹا باہر آیا تھا، لیکن تب تک ملزمین فرار ہو چکے تھے۔ اس کے بعد 12.16 بجے وکرم سنگھ کے گھر والے انھیں اوکھلا میں ایک پرائیویٹ اسپتال لے گئے۔ اگلی صبح علاج کے دوران وکرم سنگھ کی موت ہو گئی۔