’اے سی سی مینس پریمیئر کپ 2026‘ کا فائنل آج نیپال اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان کھیلا گیا۔ کوالالمپور کے بایوماس کرکٹ اوول میں کھیلے گئے اس خطابی مقابلے میں نیپالی ٹیم نے 44 رنوں سے کامیابی حاصل کی۔ نیپال نے یو اے ای کو جیت کے لیے 314 رنوں کا ہدف دیا تھا، لیکن اس کی پوری ٹیم 49.1 اوورس میں 269 رنوں پر سمٹ گئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیپال نے ’مینس ایشیا کپ 2027‘ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ دوسری مرتبہ ہوگا جب نیپال ایشیا کپ میں حصہ لے گا۔ اس سے قبل نیپال نے 2023 کے ایڈیشن میں حصہ لیا تھا، جہاں اس نے ہندوستان اور پاکستان کے خلاف گروپ مرحلے میں مقابلے کھیلے تھے۔ Asia Cup, Here We Come! #Rhinos reign supreme as the ACC Men’s Premier Cup Champions! #SBLNPL | #NepalCricket pic.twitter.com/A2Vcjtt2Js— CAN (@CricketNep) September 12, 2026قابل ذکر ہے کہ آئندہ سال جون-جولائی میں ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی بنگلہ دیش کرے گا اور اس کے مقابلے ونڈے فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ بنگلہ دیش کے علاوہ ہندوستان، پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کو اس ٹورنامنٹ کے لیے براہ راست داخلہ ملا ہے، جبکہ نیپال نے بچی ہوئی ایک جگہ پر قبضہ کر اپنے لیے جشن کا موقع فراہم کیا ہے۔آج کھیلے گئے اے سی سی مینس پریمیئر کپ کے فائنل میں یو اے ای کے لیے رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے راہل چوپڑا نے شاندار بلے بازی کی، لیکن وہ ٹیم کو فتح نہیں دلا سکے۔ راہل نے 105 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 100 رن بنائے، جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل رہے۔ وہیں شعیب خان نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 57 گیندوں پر 52 رنوں کی اننگ کھیلی۔ کرن کے سی نے نیپالی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں للت راج بنشی کو 2 کامیابیاں ملیں۔ کپتان سندیپ لامیچھانے، دیپیندر سنگھ ایری، روہت پوڈیل، گلشن جھا اور بصیر احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کیے۔اس مقابلے میں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 313 رن بنائے تھے۔ نیپال کی اننگ کے سب سے بڑے ستارے اوپننگ بلے باز آصف شیخ رہے، جنہوں نے شاندار سنچری اسکور کی۔ آصف نے 106 گیندوں پر 102 رنوں کی اننگ کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل رہے۔ انہوں نے تحمل کے ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط شروعات دلائی۔ گلشن جھا نے تیز رفتار نصف سنچری اسکور کی۔ گلشن نے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 52 رن بنائے۔ ارجن کمال (43 رن) اور روہت کمار پوڈیل (40 رن) نے بھی مفید تعاون دیا۔یو اے ای کی جانب سے ابرار احمد سب سے کامیاب گیند باز رہے، جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ خزیما تنویر نے 2 وکٹیں لیں، جبکہ حیدر علی اور عدیب عثمانی کو 1-1 کامیابی ملی۔ نیپال اور یو اے ای اس سے پہلے 2023 میں بھی پریمیئر کپ کے فائنل میں آمنے سامنے آئے تھے، جہاں نیپال نے یو اے ای کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 20 ونڈے انٹرنیشنل مقابلے کھیلے گئے ہیں۔ ان میں نیپال نے 12 اور یو اے ای نے 8 میچ جیتے ہیں۔ نیپال اور یو اے ای دونوں ہی پہلے سے ایمرجنگ ٹیمس ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے تھے۔