نیویارک(9 ستمبر 2026): امریکا اور ایران کے درمیان جنگ میں شدید کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، مشرق وسطیٰ میں شدت اختیار کرتے ہوئے تنازع کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی ترسیل کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔بدھ کو ابتدائی کاروبار کے دوران خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا۔ برینٹ خام تیل 2.2 فیصد اضافے کے بعد 100.07 ڈالر فی بیرل ہو گیا جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 1.83 فیصد اضافے کے ساتھ 94.73 ڈالر پر ٹریڈ کر رہی ہے۔گزشتہ روز برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.6 فیصد اضافے کے ساتھ 99.49 ڈالرز فی بیرل ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس خام تیل 1.72 فیصد اضافے کے بعد 94.63 ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی جنگ میں تیزی کے باعث خام تیل کی قیمتیں سو ڈالرز فی بیرل کی اہم حد کے انتہائی قریب پہنچ چکی ہیں، جبکہ اگست کے آغاز سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔تیل کی قیمتوں میں یہ نمایاں تیزی امریکا کی جانب سے ایرانی ٹینکروں پر حملے اور اس کے ردعمل میں ایران کی طرف سے خلیج میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔