یمن کے حوثی باغیوں نے باب المندب کے قریب جزیرے پر قبضہ کر لیا جس کے بعد جہازرانی کو درپیش خطرات بڑھ گئے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی باغیوں کی پیش قدمی جاری ہے اور یمنی فوج ذباب کے بعد جزیرہ میون سے بھی بھاگ نکلی ہے۔ذباب پر قبضے کے بعد عملاً باب المندب حوثیوں کے زیرکنٹرول ہے۔سعودی حمایت یافتہ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کے دو ذرائع نے خبر ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ اس کی افواج ‘پیرم’ (Perim) سے پیچھے ہٹ گئی ہیں اور حوثیوں نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع مرکزی علاقے کے قصبے ‘ذباب’ (Dhubab) پر بھی قبضہ کر لیا ہے جو اس جزیرے کے مقابل واقع ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق حوثی بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے المُکہ بندرگاہ کے داخلی حصوں تک پہنچ گئے ہیں اور المکہ ایئرپورٹ پر قبضہ کرلیا گیا ہے جبکہ مزاحمت کرنیوالوں نے بڑی تعداد میں ہتھیار ڈال دیے ہیں۔واضح رہے کہ المکہ اسٹریٹیجک لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہاں سے بحیرہ احمر میں جہازوں کی مانیٹرنگ کی جاسکتی ہے اور فوجی لحاظ سے بھی یہ جگہ خاص اہمیت کی حامل ہے۔