براہ راست نشریات کے دوران فضائی حملہ، 2 صحافی زخمی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

Wait 5 sec.

نبطیہ: جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ میں براہ راست نشریات کی تیاری کے دوران اسرائیلی ڈرون حملے میں لبنانی نجی ٹی وی چینل المنار کے رپورٹر اور کیمرہ مین شدید زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق المنار ٹی وی کی ٹیم ایک اسرائیلی حملوں کی براہ راست نشریات کے لیے جائے وقوعہ پر موجود تھی اور اسے شروع کرنے کی تیاری کر ہی رہی تھی کہ اسی دوران قریب واقع پارکنگ ایریا میں ایک میزائل آکر گرا۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 صحافی زخمی ہوئے جن کی شناخت رپورٹر علی شبیب اور کیمرہ مین محمد برجاوی کے نام سے ہوئی۔اس فضائی حملے کے مناظر کیمرے میں بھی محفوظ ہوگئے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لائیو رپورٹنگ سے قبل اچانک ایک زور دار دھماکا ہوتا ہے، جس کے بعد فضا میں دھواں اور ملبہ پھیل جاتا ہے۔رپورٹس کے مطابق دونوں صحافیوں کو ہاتھوں اور ٹانگوں پر گہرے زخم آئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، حملے میں دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔واقعے پر لبنانی صحافتی تنظیموں اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔ صحافتی حلقوں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ اسرائیلی کارروائی میں 2 صحافی بھی زد میں آئے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ان صحافیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کارروائی کا ہدف حزب اللہ کا نیٹ ورک تھا۔واضح رہے کہ جنوبی لبنان میں جاری کشیدگی کے دوران صحافیوں کے لیے فیلڈ میں کام کرنا انتہائی خطرناک ہوگیا ہے، جبکہ نبطیہ میں پیش آنے والا یہ واقعہ جنگی علاقوں میں لائیو رپورٹنگ کے دوران میڈیا ٹیموں کو درپیش خطرات کی ایک اور مثال بن گیا ہے۔