خبردار، بس میں شور مچانے اور گندگی پھیلانے پر اب جرمانہ ہوگا!

Wait 5 sec.

سنگاپور(24 ستمبر 2026): سنگاپور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر، محفوظ اور پرسکون بنانے کے لیے بس مسافروں کے لیے نئے اور سخت ضوابط نافذ کر دیے گئے ہیں۔ سنگاپور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے قوانین کے تحت بسوں میں نشستوں پر پاؤں رکھنے، بلند آواز میں آڈیو چلانے، کھانے پینے یا گندگی پھیلانے پر 500 سنگاپور ڈالر تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔سنگاپور کی لینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ایل ٹی اے) کے مطابق، زیادہ سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانے کی یہ رقم بڑھ کر 5 ہزار سنگاپور ڈالر تک بھی ہو سکتی ہے۔ان سنگین خلاف ورزیوں میں بس ٹرمینلز یا انٹرچینجز میں دیگر مسافروں کے لیے رکاوٹ یا خطرہ پیدا کرنا، اور بس، بس انٹرچینج یا ٹرمینل کے کسی بھی حصے کو گندا کرنا شامل ہے۔ایل ٹی اے کا کہنا ہے کہ ان نئے قوانین کا بنیادی مقصد تمام مسافروں کے لیے زیادہ محفوظ، باہمی احترام پر مبنی اور خوشگوار پبلک ٹرانسپورٹ ماحول کو یقینی بنانا ہے۔پیر کے روز اعلان کیے جانے والے یہ نئے ضوابط سنگاپور کے ریلوے نیٹ ورک (ماس ریپڈ ٹرانزٹ) پر پہلے سے نافذ قوانین سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بسوں میں اس نوعیت کے رویوں سے متعلق پابندیاں زیادہ تر متعلقہ بس کمپنیوں کی داخلی پالیسیوں تک محدود تھیں اور ڈرائیور صرف مسافروں کو بس سے اترنے کا کہہ سکتے تھے، لیکن اب یہ باضابطہ قانونی خلاف ورزی تصور ہوں گی جن پر فوری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔نئے نظام کے تحت ٹکٹ انسپکٹرز اور بس انٹرچینج کے عملے جیسے مجاز اہلکار کسی بھی خلاف ورزی کے شبہ میں مسافر کو باضابطہ نوٹس جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔