کناڈا میں فلائٹ ٹریننگ کے دوران ہوئے ایک طیارہ حادثے میں 2 ہندوستانی طلبا ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ دونوں طلبا یعنی ٹرینی پائلٹ تمل ناڈو اور پڈوچیری کے رہنے والے تھے۔ وینکوور واقع ہندوستانی قونصل خانہ نے اس حادثہ کی اطلاع دی۔ مہلوکین کی شناخت منوج شیوکمار اور شری سرن تروگنا ناسمبندھم کے طور پر ہوئی ہے۔ہندوستانی قونصل خانہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کر کے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قونصل خانے نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’وینکوور میں ہندوستان کا قونصل خانہ، تمل ناڈو اور پڈوچیری کے 2 طلبا منوج شیوکمار اور شری سرن تروگنا ناسمبندھم کے المناک انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ کناڈا میں فلائٹ ٹریننگ کے دوران ایک افسوسناک فضائی حادثے میں ان طلبا کی جان چلی گئی۔‘‘ قونصل خانہ نے مزید کہا کہ ’’اس مشکل وقت میں ہماری گہری تعزیت ان کے سوگوار خاندانوں اور عزیزوں کے ساتھ ہے۔ قونصل خانہ ان کے جسد خاکی کو ہندوستان واپس لانے کے سلسلے میں خاندانوں کو ہر ممکن قونصلر مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ مرحومین کی روحوں کو سکون ملے۔‘‘ہندوستانی قونصل خانہ نے واضح کیا ہے کہ وہ مسلسل مقامی حکام اور متاثرہ خاندانوں کے رابطے میں ہے۔ قونصل خانہ کے افسران کے مطابق دونوں ہلاک شدہ طلبا کے جسد خاکی ہندوستان میں ان کی آبائی ریاستوں تک واپس لانے کے عمل میں اہل خانہ کو ہر ممکن قونصلر اور ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔Consulate General of India in #Vancouver expresses condolences on the tragic demise of Manoj Sivakumar and Srisaran Thirugnanasambantham, two Indian students from Tamil Nadu and Puducherry, who lost their lives in a tragic air accident in #Canada during their flight training. https://t.co/XSwv9hmxio— All India Radio News (@airnewsalerts) September 21, 2026فی الحال یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ یہ حادثہ کیوں پیش آیا۔ مقامی انتظامیہ حادثہ کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ کناڈیائی میڈیا سی بی سی نے ہفتہ کے روز اسی نوعیت کے ایک طیارہ حادثہ کی اطلاع دی تھی، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ یہ وہی واقعہ تھا یا نہیں۔ سی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ہاروز ایئر کے زیر انتظام ایک سیسنا 172 طیارہ جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق سسکیچیوان واقع کس بے کے قریب حادثہ کا شکار ہو گیا، جس میں سوار دونوں افراد ہلاک ہو گئے۔طیارہ میں 2 لائسنس یافتہ پائلٹ سوار تھے، جو ریجائنا سے سسکیچیوان کے کارلائل ہوتے ہوئے مانیٹوبا کے اسٹائن باخ تک رات میں کراس کنٹری پرواز کر رہے تھے۔ سی بی سی نے ہاروز ایئر کے صدر ایڈم پینر کے ایک بیان کے حوالہ سے بتایا کہ پائلٹوں نے اپنے کمرشیل پائلٹ لائسنس کے لیے پرواز کے مطلوبہ گھنٹے پورے کرنے کی غرض سے طیارہ کرائے پر لیا تھا۔ طیارہ صبح تقریباً 10.30 بجے تک اپنی منزل پر نہیں پہنچا تو کناڈا کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کو اس کی اطلاع دی گئی۔ اس کے بعد طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ فلائٹ اسکول کے بیان کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے شام تقریباً 6 بجے طیارے کا ملبہ تلاش کر لیا۔ موقع پر دونوں افراد مردہ پائے گئے۔ٹرینٹن میں واقع جوائنٹ ریسکیو کوآرڈینیشن سنٹر (جے آر سی سی) کی تعلقات عامہ کی افسر لیفٹیننٹ جو ہالینڈر نے بتایا کہ مرکز نے لاپتہ طیارے کی تلاش اور ریسکیو آپریشن کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ 435 اسکواڈرن کے سی سی-138 ہرکیولس طیارے نے حادثے کی جگہ کا پتہ لگایا، جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو تکنیکی ماہرین کو پیراشوٹ کے ذریعے وہاں اتارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد جے آر سی سی نے معاملہ رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس (آر سی ایم پی) کے حوالے کر دیا۔سی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2025 کے بعد سے ہاروز ایئر سے وابستہ یہ تیسرا طیارہ حادثہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں فلائٹ اسکول میں کام کرنے والا ایک انسٹرکٹر اس وقت شدید زخمی ہو گیا تھا جب ایک طالب علم کی جانب سے انجن شروع کرنے کی کوشش کے دوران ایک چھوٹے طیارے کے پروپیلر سے وہ ٹکرا گیا تھا۔ اس کے بعد جولائی 2025 میں ایک تربیتی مشق کے دوران ایک انجن والے طیارے کے دورانِ پرواز حادثہ کا شکار ہونے سے 2 طالب علم پائلٹ ہلاک ہو گئے تھے۔