لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نےکل یعنی 24 ستمبر کو ایک پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور مودی حکومت پر ووٹ چوری کے سوالات اٹھائے۔ لوک سبھا میں قائدحزب اختلاف راہل گاندھی نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور مودی حکومت پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ووٹ کی چوری ہوئی، پھر قانون کی چوری ہوئی، پھر اداروں کی چوری ہوئی۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا، "الیکشن کمیشن نے ہندوستانی قوم کے خلاف کام کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہندوستان کے آئین پر حملہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے غداری کی ہے۔" راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کا آغاز یہ پوچھتے ہوئے کیا، "بی جے پی کے خلاف حکومت مخالف لہر کیوں نہیں ہوتی؟"لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی یہ کہنے کی کوشش کر رہے تھے کہ بی جے پی جو بھی انتخاب جیتتی ہے وہ الیکشن کمیشن کی وجہ سے ہوتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار جو کچھ بھی کرتے ہیں، وہ مودی حکومت سے مشورہ کرکے اور حکومت کے کہنے پر کرتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا، "ووٹ چوری ہندوستان کے لوگوں کے خلاف جرم ہے۔ یہ آئین پر براہ راست حملہ ہے۔ الیکشن کمیشن نے غداری کی ہے۔ گیانیش کمار کو فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے"۔راہل گاندھی اسی پر نہیں رکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گیانیش کمار کی تقرری وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے کی تھی اور اب وہ یعنی گیانیش کمار ان کی حفاظت کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی اس قانون کو سمجھتے ہیں جس کا وہ گیانش کمار کو استثنیٰ دینے کا حوالہ دے رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز ایکٹ 2023 میں نافذ کیا گیا تھا۔ اس قانون کے سیکشن 16 کے مطابق کوئی بھی عدالت چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمشنر کے خلاف دیوانی یا فوجداری مقدمہ شروع نہیں کر سکتی۔ یہ تحفظ ان کے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران کیے گئے اقدامات یا فیصلوں پر لاگو ہوتا ہے، اور یہ استثنیٰ ان کے دفتر چھوڑنے کے بعد بھی برقرار رہتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ زندگی بھر کے لیے یہ استشنیٰ دیا گیا ہے، لیکن اس کا اطلاق صرف ان کے سرکاری فرائض کے دوران کیے گئے اقدامات پر ہوتا ہے۔ سیدھے الفاظ میں، گیانیش کمار، یا کسی دوسرے الیکشن کمشنر یا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف دفتر میں رہتے ہوئے کیے گئے فیصلوں کے لیے عدالت میں مقدمہ دائر کرنا بہت مشکل ہے۔راہل گاندھی نے تمام انتخابات میں ووٹ چوری کا الزام لگایا، جس سے بی جے پی کو جواب دینے پر اکسایا گیا۔ بی جے پی کے ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سدھانشو ترویدی نے کہا کہ کانگریس قائد، وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی کے انتخابی نقصانات کے حسد میں، الیکشن کمیشن کے اندر اختلافات کے بارے میں میڈیا رپورٹ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'الیکشن کمیشن میں تمام فیصلے متفقہ طور پر کیے گئے، اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ فیصلے اکثریت کی بنیاد پر کیے گئے تھے۔' واضح رہے کہ ابھی تک خود الیکشن کمیشن اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا مناسب جواب دینے میں ناکام رہا ہے۔ ان میں سے ایک تشویش گوا میں 97 ووٹروں کے ناموں کو حذف کرنے سے متعلق ہے۔ میڈیا رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ ایس آئی آر کی تحقیقات کے دوران 97 ووٹرز اہل پائے گئے، اس کے باوجود ان کے نام حتمی فہرست میں شامل نہیں کیے گئے۔منصوبہ یہ ہے کہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں میں اگلے ایک یا دو ہفتے کے اندر مواخذے کا نوٹس پیش کیا جائے۔ اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی حزب اختلاف پارلیمنٹ میں گیانش کمار کے خلاف مواخذے کی کوشش کر چکی ہے، لیکن ایک بار یہ تحریک مسترد ہو گئی، اور ایک اور تحریک ابھی تک زیر التوا ہے۔ تاہم گیانیش کمار کو مواخذے کے ذریعہ عہدے سے ہٹانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔واضح رہے کہ مواخذے کی تحریک کے لیے لوک سبھا میں کم از کم 100 ارکان پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا میں کم از کم 50 ارکان پارلیمنٹ کے دستخطوں کی ضرورت ہوتی ہے۔