وزارت دفاع نے خلیج بنگال میں ایک اور بڑے میزائل تجربہ کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس کے لیے ہندوستان نے نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) جاری کر دیا ہے۔ یہ تجربہ 25 اور 26 ستمبر 2026 کو کیا جائے گا۔ اس کے تحت خلیج بنگال کے ایک حصہ کو عارضی طور پر خطرناک زون قرار دیا گیا ہے۔ اس نو فلائی زون کا دائرہ تقریباً 600 کلومیٹر پر محیط ہے۔ رپورٹس کے مطابق میزائل تجربہ سے متعلق نوٹم 25 ستمبر کو یو ٹی سی 3:30 بجے سے 26 ستمبر کو یو ٹی سی 10:30 بجے تک مؤثر رہے گا۔ اس دوران خلیج بنگال کے مقررہ حصے میں فضائی اور سمندری سرگرمیوں کے حوالے سے خصوصی احتیاط برتی جائے گی، تاکہ کسی بھی مسافر طیارہ یا بحری جہاز کی نقل و حرکت کو محفوظ طریقے سے روکا جا سکے۔دوسری جانب 600 کلومیٹر تک کے علاقے کو عارضی طور پر خطرناک زون بنائے جانے سے اشارہ ملتا ہے کہ تجربہ کے دوران میزائل کی پرواز کے لیے ایک بڑا حفاظتی زون مقرر کیا گیا ہے۔ حالانکہ میزائل کی اصل قسم اور تجربہ کی مکمل تفصیلات آفیشیل طور پر عام نہیں کی گئی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی جانب سے آفیشیل طور پر میزائل کے نام کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے، لیکن اس 600 کلومیٹر کے دائرے کو دیکھتے ہوئے قیاس لگائے جا رہے ہیں کہ یہ پرلے ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائل، پرتھوی سیریز کا میزائل یا برہموس کروز میزائل کا ایڈوانس ورزن ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ یہ تجربہ ہندوستان کی ’ٹرائی سروس تھیٹر کمانڈ‘ اور انڈمان-نکوبار اسٹریٹجک علاقوں کی چوکسی اور آپریشنل تیاری کو مزید مضبوط کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اوڈیشہ کے ساحل کے پاس واقع لانچ پیڈ سے میزائل کا یہ تجربہ کیا جائے گا۔ یہ تجربہ ہندوستان کی دفاعی تیاریوں اور اسٹریٹجک اہمیت کو مضبوط کرے گا۔