تہران(22 ستمبر 2026): عراق اور جارجیا نے بھی ایرانی طیاروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے اس اعلان کے بعد کہ آنے والے دنوں میں ایرانی ایئرلائنز کو عالمی سطح پر پروازیں چلانے سے روکا جائے گا، عراق اور جارجیا نے بھی ترکیہ کی پیروی کرتے ہوئے ایرانی ایئرلائنز کے اپنے ممالک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ کے سخت احکامات اور اعلان کے بعد بغداد حکومت نے بھی ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عراق کے بعد جارجیا نے بھی فوری قدم اٹھاتے ہوئے ایرانی ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود میں داخلے سے روک دیا ہے۔اس سے قبل ہفتے کے روز ایرانی فضائی کمپنی ماہان ایئر نے باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا کہ ترک حکومت کی درخواست پر اس نے استنبول کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ماہرین کے مطابق اس لہر کے نتیجے میں بین الاقوامی سطح پر ایرانی ایئرلائنز کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔