برطانیہ میں بڑی سیاسی ہلچل: نیا وزیراعظم کون ؟ انتخاب کا شیڈول جاری

Wait 5 sec.

لندن : برطانیہ میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا ، نئے قائد کے انتخاب کا حتمی نتیجہ 29 اگست کو جاری کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں بڑی سیاسی ہلچل شروع ہو گئی ہے جہاں برسرِاقتدار لیبر پارٹی نے نئے قائد کے انتخاب کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔برطانوی میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس سیاسی تبدیلی کے نتیجے میں اینڈی برنم چند ہفتوں میں برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔برطانوی میڈیا نے لیبر پارٹی کے نئے قائد کی دوڑ کے لیے درج ذیل شیڈول اور ضابطے جاری کیے۔جس کے مطابق امیدواروں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ 9 سے 15 جولائی تک پارٹی کے کم از کم 81 ارکانِ پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کریں۔اگر اینڈی برنم اس دوڑ میں واحد امیدوار کے طور پر سامنے آتے ہیں، تو 17 جولائی کو ہی ان کی کامیابی کا حتمی اعلان متوقع ہے۔تاہم اگر ایک سے زائد امیدوار میدان میں ہوئے تو پارٹی ارکان کے درمیان ووٹنگ کا عمل 6 سے 27 اگست تک جاری رہے گا اور لیبر پارٹی نئے قائد کے انتخاب کے حتمی نتیجے کا اعلان 29 اگست کو کرے گی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پارٹی لیڈرشپ کے اس انتخاب میں صرف وہی لیبر ارکان ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے جو 25 دسمبر 2025 سے پہلے پارٹی میں شامل ہو چکے تھے۔برطانوی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ نئے وزیراعظم کا باقاعدہ انتخاب مکمل ہونے تک موجودہ وزیراعظم کیئر اسٹارمر اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔