تہران (27 جون 2026): ایران پر امریکی حملے کے بعد پاسداران انقلاب نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے سرک جزیرے پر امریکی فوج کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فضائی حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان کیا ہے، ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی افواج نے جزیرہ سرک پر حملہ کیا تھا لیکن ایرانی دفاعی فورسز نے کارروائی کو ناکام بنا کر حملہ پسپا کر دیا۔پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا اور امریکی کارروائی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ پاسداران انقلاب نے یہ بھی کہا کہ اس نے خطے میں امریکی فوج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، اور امریکا کے کسی بھی نئے حملے کا زیادہ سخت اور وسیع جواب دیا جائے گا۔امریکا نے ایران میں متعدد فوجی اہداف پر بمباری کر دیایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں آمد و رفت، ٹرانزٹ کے انتظامات سے متعلق ذمہ داریاں ایک مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران کے پاس ہیں، امریکا نے مختلف فریقوں کو اُکسا کر ان انتظامات کی خلاف ورزی کی کوشش کی ہے، اس لیے مناسب جواب دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بیان میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے کے جواب میں امریکا نے ایران کے اندر فضائی کارروائی کی، اور ایرانی میزائل اور ڈرون ذخائر کے علاوہ ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا۔یہ حملے 25 جون کو سنگاپور کے تجارتی جہاز پر ہونے والے مبینہ ڈرون حملے کے ردعمل میں کیے گئے ہیں، سینٹ کام نے کہا کہ تجارتی جہاز پر ایرانی حملہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے، خطے میں استحکام اور محفوظ بحری نقل و حمل کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔