امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس لگانے کی تیاری، ٹرمپ کو غصہ آ گیا

Wait 5 sec.

واشنگٹن (27 جون 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک کو 100 فی صد ٹیرف کی دھمکی دے دی ہے۔روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز دھمکی دی ہے کہ جو بھی ملک امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس نافذ کرے گا، اس کی امریکا بھیجی جانے والی تمام اشیا پر 100 فی صد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا ’’متعدد یورپی ممالک امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس کے جلد نفاذ پر غور کر رہے ہیں، اور ان میں سے بعض اس پر عمل درآمد کے بہت قریب ہیں۔‘‘انھوں نے مزید کہا ’’اس بیان کو باضابطہ اطلاع سمجھا جائے کہ جو بھی ملک ایسا ٹیکس نافذ کرے گا، اس کی امریکا بھیجی جانے والی ہر قسم کی اشیا پر فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔‘‘ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ نیا ٹیرف امریکا کے ساتھ ہونے والے کسی بھی تجارتی معاہدے پر فوقیت رکھے گا، چاہے وہ نافذ ہو چکا ہو، اس پر دستخط ہو چکے ہوں یا نہ ہوئے ہوں۔ایران کو کوئی اختلاف ہے تو فون پر بات کر سکتا ہے، جے ڈی وینساس میں امریکا اور یورپی یونین کے درمیان گزشتہ سال ہونے والا معاہدہ بھی شامل ہوگا، جس کے تحت یورپی اشیا پر امریکی ٹیرف کی زیادہ سے زیادہ شرح 15 فی صد مقرر کی گئی تھی، جب کہ اس کے بدلے یورپی یونین نے امریکی صنعتی مصنوعات پر اپنے ٹیرف صفر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔تاہم، یورپی یونین کی قانون سازی کے طویل عمل کے باعث معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں تاخیر ہوئی، جس پر ٹرمپ نے یورپ سے درآمدات، بشمول گاڑیوں، پر دوبارہ 25 فی صد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی۔ اس کے بعد یورپی قانون سازوں نے ٹرمپ کی مقرر کردہ 4 جولائی کی ڈیڈ لائن تک مطلوبہ تبدیلیاں نافذ کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے گزشتہ ہفتے، جی-7 سربراہی اجلاس میں ٹرمپ سے ملاقات سے قبل کہا تھا کہ فرانس ٹرمپ کے دباؤ میں آ کر امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر عائد اپنا ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہیں کرے گا۔ اس ٹیکس کا اطلاق آن لائن مارکیٹ پلیسز اور ڈیجیٹل اشتہارات جیسی خدمات پر ہوتا ہے۔ جب کہ فرانس روانہ ہونے سے قبل ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر پیرس نے اپنا ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہ کیا تو امریکا کے پاس فرانسیسی شراب پر 100 فی صد ٹیرف عائد کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں بچے گا۔فرانس 2019 سے ان کمپنیوں کی فرانس میں حاصل ہونے والی ڈیجیٹل سروسز کی آمدنی پر 3 فی صد ٹیکس وصول کر رہا ہے، جن کی فرانس میں سالانہ آمدنی 2 کروڑ 50 لاکھ یورو سے زیادہ اور عالمی آمدنی 75 کروڑ یورو (تقریباً 85 کروڑ 40 لاکھ ڈالر) سے زائد ہو۔ گزشتہ سال فرانسیسی قانون سازوں نے اس ٹیکس کو بڑھا کر 6 فیصد کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے طویل عرصے سے فرانس، برطانیہ، آسٹریا، اسپین اور دیگر یورپی ممالک کو خبردار کر رکھا ہے کہ اگر انھوں نے ڈیجیٹل سروسز ٹیکس نافذ کیا تو امریکا جوابی ٹیرف عائد کرے گا، کیوں کہ واشنگٹن کے مطابق یہ ٹیکس امریکی کمپنیوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہے، جو عالمی سطح پر اس شعبے پر غلبہ رکھتی ہیں۔