’میرے سے کچھ نہیں ہو سکتا بھیا‘، امتحان کے بعد پریشان نیٹ طالبہ نے کی خودکشی

Wait 5 sec.

اترپردیش کے مہاراج گنج کے صدر کوتوالی علاقہ کے چوپریا کنچن پور گاؤں میں نیٹ امتحان کے تناؤ میں ایک طالبہ نے گھر کے کمرے میں پھندے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ اہل خانہ نے اسے فوراً ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی جانچ کی اور اسے مردہ قرار دے دیا۔ بیٹی کی بے وقت موت سے خاندان میں کہرام مچا ہوا ہے اور اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔واضح رہے کہ نیٹ طالبہ 2 بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی۔ بڑا بھائی 2021 میں نیٹ امتحان کوالیفائی کر ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کر چکا ہے اور دیوریا کے ایک اسپتال میں انٹرنشپ کر رہا ہے۔ گاؤں والوں کے مطابق طالبہ نے حال ہی میں منعقدہ نیٹ امتحان میں شامل ہوئی تھی۔ وہ پڑھائی میں بے حد محنتی تھی اور ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھ رہی تھی۔ اس کے والد سلائی کا کام کر خاندان کی کفالت کرتے ہیں اور بچوں کو بہتر تعلیم دلانے کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔ امتحان کے بعد سے ہی وہ نتائج اور اپنے مستقبل کو لے کر کافی تناؤ میں چل رہی تھی۔نیٹ کے ایک اور طالب علم نے کی خودکشی، کمرے میں پھندے سے لٹکی ملی لاشواقعہ کی اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس اور اہل خانہ نے جب طالبہ کے کمرے کی جانچ کی تو اس کے نیٹ امتحان کے سوالنامے پر ایک جذباتی پیغام لکھا ہوا ملا۔ اس نے لکھا تھا کہ ’’میرے سے کچھ نہیں ہو سکتا میرے بھیا۔‘‘ پولیس نے سوالنامے کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور معاملے میں ضروری قانونی کارروائی کر رہی ہے۔ اس افسوسناک واقعہ سے گاؤں میں سوگ کا ماحول ہے۔ اس معاملے میں کوتوالی کے انچارج انسپکٹر نربھے کمار سنگھ نے بتایا کہ ’’لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ سوالنامہ پر لکھے نوٹ اور دیگر نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس قانونی کارروائی کر رہی ہے۔‘‘