بیجنگ: بیجنگ کا 99 میٹر بلند فیرس وہیل عوام کے لیے کھول دیا گیا، جن میں بیک وقت 460 افراد کے بیٹھنے اور سفر کرنے کی شاندار گنجائش موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سیاحت اور تفریح کے ایک نئے اور جدید شاہکار کا آغاز ہو گیا۔بیجنگ میں 99 میٹر کی بلندی سے شہر کا خوبصورت اور آسمان چھوتا نظارہ کروانے والے ملک کے سب سے اونچے فیرس وہیل کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔افتتاحی مراحل کے ساتھ ہی یہ فیرس وہیل بیجنگ آنے والے بین الاقوامی سیاحوں اور مقامی شہریوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔اس جدید فیرس وہیل میں کل 46 کیبنز نصب کیے گئے ہیں، جن میں بیک وقت 460 افراد کے بیٹھنے اور سفر کرنے کی شاندار گنجائش موجود ہے۔اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ہر کیبن کو ایک عام تفریحی ڈبے کے بجائے کسی فائیو اسٹار ‘اسمارٹ لاؤنج’ کی طرح انتہائی خوبصورتی سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ان کیبنز کے اندر خودبخود بدلتی ہوئی جدید لائٹس اور بہترین میوزک سسٹم نصب کیا گیا ہے جو مسافروں کے لیے ایک سحر انگیز اور دلکش ماحول پیدا کرتا ہے، جبکہ کچھ مخصوص کیبنز میں مسافروں کو اپنی پسند کے گانے منتخب کر کے سننے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔تکنیکی ماہرین کے مطابق مسافروں کے آرام اور آسائش کا خاص خیال رکھتے ہوئے تمام کیبنز کے اندرونی درجہ حرارت کو خودکار نظام کے تحت سال بھر 21 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان برقرار رکھا جائے گا۔درجہ حرارت کے اس معتدل انتظام کی بدولت شہری بیجنگ کی شدید گرمی ہو یا سردی کا موسم ہر حال میں ایک پرسکون اور آرام دہ فضائی سواری کا لطف اٹھا سکیں گے۔انتظامیہ کو توقع ہے کہ یہ فیرس وہیل بیجنگ کی سیاحت کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔