جھارکھنڈ میں مانسون کے ساتھ آسمان سے گر رہی آفت لگاتار لوگوں کی جان لے رہی ہے۔ ریاست میں 12 جون سے اب تک آسمانی بجلی گرنے سے 30 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 35 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اتوار کے روز رانچی ضلع کے سوناہاٹو میں واچ ٹاور کا معائنہ کر رہے فاریسٹ گارڈ روشن سریواستو کی آسمانی بجلی گرنے سے موت ہوگئی جبکہ 2 دیگر فاریسٹ اہلکار زخمی ہو گئے۔ لوہردگا میں 3 سالہ بچی، رانچی کے بیڑو میں ایک کسان، سلی میں ایک نابالغ اور گڑھوا ضلع کے رنکا میں آم چننے گئے 2 بچوں کی بھی آسمانی بجلی گرنے سے موت ہو گئی۔یوپی، بہار اور جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات، 100 سے زیادہ افراد ہلاکاطلاعات کے مطابق 24 سے 26 جون کے درمیان ریاست کے کئی اضلاع میں آسمانی بجلی نے تباہی مچائی۔ اس دوران چترا، پلاموں، جامتاڑا، کوڈرما، دیوگھر اور لوہردگا سمیت مختلف اضلاع میں 12 لوگوں کی موت ہوئی اور تقریباً 18 زخمی ہوئے۔ لوہردگا میں 2 الگ الگ واقعات میں 2 خواتین کی موت اور 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ 21 سے 23 جون کے درمیان مغربی سنگھ بھوم کے ٹوکلو میں فٹبال میچ کے دوران میدان پر آسمانی بجلی گرنے سے 2 کھلاڑیوں کی موت ہو گئی تھی۔ کھونٹی ضلع کے کرّا میں کرکٹ کھیل رہے نوجوانوں پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک کھلاڑی کی موت ہو گئی اور 11 دیگر زخمی ہو گئے۔اس سے قبل 17 اور 19 جون کے درمیان ہزاری باغ، رام گڑھ، پلاموں، لوہردگا، گوڈا اور مغربی سنگھ بھوم میں 8 لوگوں کی موت درج کی گئی تھی۔ مانسون کی آمد کے پہلے 24 گھنٹوں کے اندر رانچی، گڑھوا، چترا، گریڈیہہ، جامتاڑا اور سرائے کیلا-کھرساواں میں 8 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ ماہرین موسمیات کے مطابق جھارکھنڈ کی جغرافیائی ساخت اسے آسمانی بجلی کے لیے انتہائی خطرناک بناتی ہے۔ سطح مرتفع کا علاقہ، گھنے جنگلات، اونچے درخت، معدنی دولت اور مانسون کے موسم میں گرم اور ٹھنڈی ہواؤں کے ٹکرانے سے فضا میں تیزی سے برقی توانائی پیدا ہوتی ہے، جس سے آسمانی بجلی گرنے کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں۔ رانچی، گملا، پلاموں، بوکارو اور مشرقی سنگھ بھوم ریاست کے بڑے ’لائٹننگ ہاٹ اسپاٹ‘ مانے جاتے ہیں۔کلائمیٹ ریسیلینٹ آبزرونگ سسٹمز پروموشن کونسل (سی آر او پی سی) اور ہندوستانی محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جھارکھنڈ میں گزشتہ 5 سالوں کے دوران ہر سال اوسطاً 4.36 لاکھ سے زیادہ بار آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ریاست میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 1,669 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔