وینزویلا میں تباہ کن زلزلہ کے باعث اموات کی تعداد 920 سے تجاوز کرگئی ہیں اور ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں یکے بعد دو شدید زلزلے ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 7.2 اور 7.5 تھی، زلزلوں کی وجہ سے انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں اب تک 920 افراد کی اموات کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 3 ہزار 360 سے زائد افراد زخمی ہوئے اور سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔یہ پڑھیں: جاپان، کیلیفورنیا اور وینزویلا میں آنے والے پے در پے زلزلوں میں کیا تعلق؟ادھر دارالحکومت کاراکس میں کئی عمارتیں گر گئیں، جس کے باعث متاثرین سڑکوں پر رات گزارنے پر مجبور ہیں، شدید زلزلے سے کاراکس ائیرپورٹ بھی متاثر ہوا جس کے سبب فلائٹ آپریشن بند ہوگیا، وینزویلا کی قائم مقام صدر نے زلزلے سے متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ بھی کیا۔تاہم تباہ کن زلزلے کے ملبے تلے دبے خاندان کو 26 گھنٹے کے بعد ریسکیو کرلیا گیا ہے، ریسکیو ٹیمیں طویل جدوجہد کے بعد پھنسے افراد تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں، لاگیرا شہر میں متاثرین 8 منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر موجود تھے جب ان کے سروں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔خوش قسمتی سے فرنیچر کے ٹکڑے چھت کا بوجھ سنبھال کر موت کے آڑے آگئے، تین افراد میں سے بچے اور خاتون کو خراش تک نہیں آئی۔