واشنگٹن (27 جون 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تصویر اور دستخط والا نیا امریکی پاسپورٹ متعارف کروانے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیا پاسپورٹ امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کیا جائے گا، اس کے اندرونی صفحے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر اور سنہری حروف میں دستخط موجود ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ سفری دستاویزات پر تصویر لگانے والے امریکا کے پہلے صدر بنیں گے۔ انہوں نے نئے پاسپورٹ کے ڈیزائن کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پیٹریاٹ پاسپورٹ کا نام دے دیا، جس میں ان کی تصویر کے پس منظر میں امریکی آزادی کے اعلامیے کا متن بھی شامل ہے۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ جولائی سے محدود تعداد میں یادگاری پاسپورٹ جاری کرے گا، نیا یادگاری پاسپورٹ واشنگٹن ایجنسی سے ان پرسن درخواست دینے والوں کو دستیاب ہوگا۔امریکی اپوزیشن اور ناقدین کی جانب سے پاسپورٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل کرنے پر تنقید کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ وہ اس سے پہلے سرکاری عمارتوں، ڈالر اور قومی پارکوں کے پاسز پر بھی اپنی شناخت لگا چکے ہیں۔