لندن (22 جون 2026): برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا برطانوی بادشاہ کو آج صبح اپنے استعفے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، اقتدار کی منتقلی تک وزیر اعظم رہوں گا اور اپنے فرائض انجام دیتا رہوں گا۔کیئر اسٹارمر استعفے کا اعلان کرتے ہوئے آب دیدہ ہو گئے، انھوں نے کہا میں آنے والے وزیر اعظم کی مکمل حمایت اور ان کے ساتھ تعاون کروں گا۔ واضح رہے کہ برطانوی میڈیا نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں کابینہ اور مشیروں سے مشاورت بھی کی۔وزیر اعظم نے کہا ’’میں دو سال پہلے آیا تو انتہائی پرجوش تھا، مجھے بار بار بتایا گیا کہ ہماری پارٹی کمزور اور ختم ہو گئی ہے، میں نے دو سال میں معیشت کو مضبوط کیا اور ملک کے لیے کام کیا، ان دو سالوں میں انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا اور معیشت کے لیے کام کیا۔‘‘کونسے ملک کا وزیر اعظم مستعفی ہونے والا ہے؟ ٹرمپ نے حیران کن دعویٰ کر دیاانھوں نے کہا ’’دو سال کے دوران دفاع میں خطیر رقم خرچ کی، بچوں کو سوشل میڈیا کے برے اثرات سے بچانے کی کوشش کی، اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کیا، اور برطانوی عوام کی فلاح و بہبود میری ترجیح رہی۔‘‘ کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ تبدیلیاں راتوں رات نہیں آتیں، اس کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔واضح رہے کہ بلدیاتی الیکشن میں لیبر پارٹی کی شکست کے بعد وزیر اعظم اسٹارمر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ زور پکڑ گیا تھا۔