لکھنؤ کے علی گنج تھانہ علاقہ کے پورنیا میں پیر کو ایک دکان میں شدید آگ لگنے سے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دکان کے اوپر چلنے والے کوچنگ سنٹر تک پہنچ گئی اور وہاں موجود طلبہ اور دیگر لوگ عمارت میں پھنس گئے۔ واقعہ کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے چھجوں اور چھتوں سے کودنے کو مجبور ہو گئے۔ فی الحال موقع پر نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک، ڈی جی فائر اور ڈی ایم لکھنؤ موجود ہیں۔#WATCH | Uttar Pradesh | Firefighting and rescue operations underway at a coaching centre in Aliganj, Lucknow. Some people are feared trapped inside the building. pic.twitter.com/p4QQiFLTpD— ANI (@ANI) June 22, 2026عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے کچھ ہی منٹوں کے بعد دھوئیں اور آگ کی لپٹوں نے پوری عمارت کو اپنی زد میں لے لیا۔ کوچنگ سنٹر میں موجود طلبہ کے پھنسنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ بھی امدادی کام میں مصروف ہو گئے۔ کئی لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے آس پاس کے لوگوں نے فوری مدد پہنچائی۔ دوسری جانب آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس کی کئی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار آگ پر قابو پانے اور عمارت میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے میں مصروف ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مسلسل امدادی اور بچاؤ مہم جاری ہے۔لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ وشاکھ جی ایئر بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ افسران سے مسلسل معلومات لیتے ہوئے انہوں نے امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایات دیں۔ انتظامیہ کی جانب سے حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے افسران کو موقع پر پہنچنے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے امدادی اور بچاؤ کے کاموں میں تیزی لانے اور زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی افسران کو مکمل احتیاط برتنے اور امدادی کاموں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ فی الحال آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔