آندھرا پردیش میں 3 الگ الگ سڑک حادثات میں 8 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 15 زخمی ہو گئے ہیں۔ جمعہ کی صبح پلناڈو ضلع میں ایک ’ملٹی یوٹیلیٹی وہیکل‘ (ایم یو وی) کے ایک کھڑی لاری سے ٹکرانے کے باعث 4 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ ماچیرلا نگروانم کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی لاری سے ٹکرا گئی۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ماچیرلا کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا۔ ریسکیو اہلکاروں کو گاڑی کے تباہ شدہ ملبے سے لاشیں نکالنے کے لیے کافی مشقت کرنی پڑی۔ڈرائیور سمیت کل 13 افراد ایم یو وی میں سوار تھے۔ تمام متوفی حیدرآباد کے ایک ہی خاندان کے تھے۔ وہ اپنے رشتہ دار کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پامورو جا رہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کادیری وینکٹیشورلو، کادیری شاردا، پیڈوگو شاردا اور ستیانارائن کے طور پر ہوئی ہے۔ ماچیرلا پولیس نے معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ساتھ ہی پولیس یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کیا یہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا یا ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث۔انامیا ضلع میں ایک اور سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں کار اور آٹو رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ تمام متاثرین ایک ہی خاندان کے تھے اور ایک تقریب میں شرکت کے بعد آٹو رکشہ سے گھر لوٹ رہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت مبارک، مہرین بی اور واحد کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کو سرکاری اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جمعرات کی دیر رات اننت پور ضلع میں ایک اور حادثے میں ایک لاری ڈرائیور زندہ جل گیا۔ یہ حادثہ اراواکونڈا منڈل کے بوڈاگاوی کے قریب پیش آیا۔ گرینائٹ سے لدا ہوا ایک ٹرک بے قابو ہو کر ایک درخت سے ٹکرایا اور پلٹ گیا، جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔ میں ٹرک کا ڈرائیور کیبن میں ہی پھنس گیا اور زندہ جل کر مر گیا، جبکہ صفائی کارکن بھاگنے میں کامیاب رہا۔