ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان 2 میچوں کی ٹی-20 سیریز کا آغاز آج سے ہونے جا رہا ہے۔ ہر کسی کی نگاہیں اس بات پر ٹکی ہوئی ہیں کہ 15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی کو پہلے ٹی-20 کے لیے ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں موقع ملتا ہے یا نہیں۔ ویبھو کو فائنل الیون میں شامل کرنے کے حوالے سے بیٹنگ کوچ ستانشو کوٹک کا بیان سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف ویبھو سوریہ ونشی کو موقع دینے کے لیے ٹیم مینجمنٹ کسی کو ڈراپ نہیں کرے گی۔ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے بیٹنگ کوچ نے کہا کہ ’’مجھے پورا یقین ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے کافی مواقع ملیں گے۔ حالانکہ مجھے نہیں لگتا کہ صرف انہیں موقع دینے کے لیے ہمیں کسی ایسے کھلاڑی کو باہر کر دینا چاہیے جو پہلے سے ہی رن بنا رہا ہو۔ یہ بھی درست نہیں ہو گا۔‘‘بیٹنگ کوچ نے مزید کہا کہ ظاہر ہے کہ یہ ٹیم مینجمنٹ پر منحصر کرتا ہے کہ ہم اس میچ کے لیے کیا منصوبہ بناتے ہیں۔ یہ ایک الگ بات ہے۔ حالانکہ مجھے لگتا ہے کہ کسی کو موقع دینے اور کسی دوسرے کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی کرنے کے درمیان ایک بہت باریک لکیر ہوتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ویبھو سوریہ ونشی کو ایک لاجواب کھلاڑی قرار دیا۔ ان کے مطابق جو کھلاڑی بی سی سی آئی سسٹم سے انڈر 19، انڈیا اے اور ایمرجنگ ٹورنامنٹس کھیل کر آیا ہے، وہ کافی حد تک ہندوستانی ٹیم کے کلچر کو سمجھتا ہے۔ اس لیے ایسا نہیں ہے کہ ان کے لیے بہت کچھ الگ ہے۔ستانشو کوٹک کا کہنا ہے کہ ہم نے ویبھو کو کھیل کا لطف اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہم نے ان سے کہا ہے کہ وہ جو بھی پوچھنا یا بتانا چاہیں، وہ بتا سکتے ہیں۔ کیونکہ اس سطح کے کھلاڑیوں میں عام طور پر میچورٹی، صحیح فیصلے لینے کی صلاحیت اور کھیلنے کا عزم بہت اچھا ہوتا ہے۔ کوچ کے مطابق سب سے اہم بات یہ ہے کہ ویبھو کو یہ محسوس ہونا چاہیے کہ وہ ٹیم کا ایک اہم حصہ ہیں اور انہیں دوسری ٹیموں کی طرح اس ٹیم میں بھی کھل کر کھیلنے کی آزادی ملی ہوئی ہے۔ ایسا ماحول ہونا ٹیم کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔