تمل ناڈو میں حکومت بنانے کے بعد تملگا ویتری کژگم (ٹی وی کے) کے سربراہ تھلاپتی وجے نے اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر کی۔ اس دوران انہوں نے تلخ انداز اختیار کرتے ہوئے ناقدین اور پارٹی پر سوال اٹھانے والوں پر سخت تنقید کی۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی پارٹی نے پہلی بار انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کی، لیکن حریف پارٹیاں شکست قبول کرنے کی جگہ الزام تراشیاں کرتے نظر آئے۔وجے نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’تمل ناڈو کے عوام کی محبت حاصل کرنے کے لیے ہم لوگوں نے جتنی محنت اور جدوجہد کی ہے، اسے صرف ہماری پارٹی کے لوگ ہی جانتے ہیں، لیکن اسے تسلیم کرنے کے بجائے کچھ لوگ اس پر سوال اٹھاتے ہیں۔ وہ ہماری تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں– وہ تو صرف ایک اداکار ہے اور یہ پارٹی بھی محض اداکاروں کی پارٹی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ارادہ گمنامی میں کھو جانے کا نہیں ہے اور ان کی پارٹی نے ’سازشوں اور رکاوٹوں‘ پر فتح حاصل کی ہے۔ٹی وی کے سربراہ نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں ایسے لوگوں کی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہمیں 35 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ کئی لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں آسانی سے اقتدار مل گیا، لیکن ہمیں کئی سازشوں اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہم ان چیلنجوں سے نمٹتے ہوئے یہاں تک پہنچے ہیں۔ ابھی ہمیں آگے بھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔‘‘ اپنی انتخابی ریلی میں مچی بھگدڑ کے حوالے سے وجے نے کہا کہ ’’میں اس حادثے کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا جس میں 41 افراد کی جان چلی گئی۔ اس حادثہ کا درد مجھے کبھی نہیں چھوڑے گا، لیکن اس کے باوجود سارا الزام ہم پر ہی عائد کیا جا رہا ہے۔ یہ شرمناک ہے، کیا سیاست اتنی بے رحم ہو چکی ہے؟‘‘قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں وجے کی پارٹی سے کسی غیر معمولی کارکردگی کی توقع نہیں کی جا رہی تھی، لیکن نتائج نے سب کو حیران کر دیا۔ ٹی وی کے سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری اور کانگریس و دیگر چھوٹی پارٹیوں کے تعاون سے حکومت بنانے میں کامیاب رہی۔ وجے جنوبی ہندوستانی سنیما میں اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ’خوشی‘، ’تھروملائی‘، ’گھلّی‘، ’پوکّیری‘ اور ’سرکار‘ جیسی کئی شاندار فلمیں دی ہیں۔2024 میں وجے نے ’تملگا ویتری کژگم‘ (ٹی وی کے) پارٹی قائم کی، جس نے 2026 کے تمل ناڈو اسمبلی انتخاب میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری۔ ٹی وی کے نے تمل ناڈو اسمبلی کی 234 میں سے 108 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ اکثریت کے ہندسے سے کم نشستیں ملنے کے بعد ٹی وی کے نے کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کیا۔ اس کے بعد جوزف وجے نے 10 مئی کو تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔