ریاض : سعودی عرب میں بارڈر سیکیورٹی قانون کی خلاف ورزی کرنے یا ایسے لوگوں کی مدد کرنے پر سخت ترین سزاؤں کا اعلان کیا گیا ہے۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ کوئی شہری بھی بارڈر سیکیورٹی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخل کرنے، منتقل کرنے، پناہ دینے یا کسی بھی قسم کی معاونت فراہم کرنے میں ملوث پایا جائے گا، اُس پر 15سال تک قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔سعودی وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ ایسے افراد جو مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون سہولت اور مدد دینے میں ملوث پائے گئے تو سخت ترین سزا کے مستحق قرار پائیں گے۔وزارت نے واضح کیا کہ اس جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی اور رہائش کے لیے استعمال کی جانے والی جائیداد بھی ضبط کی جا سکتی ہے، جبکہ قانون شکن افراد کے نام ان کے اپنے خرچ پر ذرائع ابلاغ میں شائع کیے جائیں گے۔سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ جرم سنگین نوعیت کا ہے، جس میں فوری گرفتاری عمل میں لائی جا سکتی ہے، اور اسے امانت و اعتماد کے اصولوں کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔