حالات میں بہتری، لیکن ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ہندوستانی سفارت خانہ نے جاری کی ایڈوائزری

Wait 5 sec.

امریکہ اور ایران کے درمیان تنازعہ کو ختم کرنے اور خلیجی خطے میں مستقل پرامن صورتحال بحال کرنے کی سمت میں کوششیں جاری ہیں۔ فی الحال امن معاہدہ ہونے کے بعد خطے میں سکون قائم ہے۔ ایران میں سیکورٹی کی صورتحال میں حالیہ بہتری کے درمیان تہران میں قائم ہندوستانی سفارت خانہ نے ہندوستانی شہریوں کے لیے ترمیمی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے، لیکن ہندوستانی شہری اگلے احکامات تک ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔pic.twitter.com/xM0GZz9wBB— India in Iran (@India_in_Iran) June 24, 2026ہندوستانی سفارت خانہ نے حالات میں بہتری کا ذکر ضرور کیا ہے، لیکن احتیاط برتنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ سفارت خانہ نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ ایران میں سیکورٹی کی صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھ رہا ہے اور حالیہ بہتری بھی نظر آ رہی ہے۔ سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ ’’حالیہ بہتری کے باوجود ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک ایران کے تمام غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔‘‘سفارت خانہ کی جانب سے ایران میں رہ رہے ہندوستانیوں اور ضروری وجوہات کی بنا پر وہاں جانے والے لوگوں کو انتہائی محتاط رہنے، مقامی حالات پر مسلسل نظر رکھنے اور صرف قابل اعتماد ذرائع سے ہی معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی مقامی انتظامیہ کی طرف سے جاری ہونے والی تمام ہدایات پر بھی عمل کرنے کو کہا گیا ہے۔ ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران میں موجود تمام ہندوستانی شہری جلد از جلد ہندوستانی سفارت خانہ میں اپنا رجسٹریشن کروائیں اور سفارت خانہ کی سرکاری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری ہونے والی اپڈیٹس اور نئی ایڈوائزری پر مسلسل نظر رکھیں۔سفارت خانے نے ہنگامی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبر اور ای میل بھی جاری کیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہندوستانی شہری فوری رابطہ کر سکیں۔ یہ ترمیمی ایڈوائزری ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب حالیہ دنوں میں مغربی ایشیا میں کشیدگی کم ہونے کے اشارے ملے ہیں، تاہم بدلے ہوئے حالات میں بھی ہندوستانی حکومت احتیاط برتنے کی پالیسی پر قائم ہے۔ تہران میں قائم ہندوستانی سفارت خانے نے 4 ہیلپ لائن نمبر (+989128109115، +989128109109، +989128109102، +989932179359) جاری کیے ہیں۔ ساتھ ہی ای میل (cons.tehran@mea.gov.in) کے ذریعے بھی مدد مانگی جا سکتی ہے اور رابطہ برقرار رکھا جا سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی جانب سے یہ ٹریول ایڈوائزری امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے مقصد سے ہوئے میمورنڈم آف انڈر اسٹینڈنگ (ایم او یو) کے تحت تکنیکی بات چیت کے پہلے دور کے ختم ہونے کے بعد جاری کی گئی ہے۔ دونوں فریق ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے اور 60 دنوں میں حتمی معاہدے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔ حالانکہ دونوں کے درمیان کچھ اہم مسائل اب بھی زیر غور ہیں، جن میں بین الاقوامی تصدیقی نظام، آبنائے ہرمز کے مستقبل کا انتظام اور ایران کے منجمد مالیاتی اثاثوں کی بحالی شامل ہے۔ اگرچہ حالیہ ہفتوں میں سفارتی بات چیت تیز ہوئی ہے، لیکن سفارت خانے کی تازہ ترین ایڈوائزری اس خطے کی سیکورٹی صورتحال کو لے کر برقرار خدشات کو ظاہر کرتی ہے۔