نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مرزا جاوید علی اور پارٹی کے ترجمان کنور شہزاد کی جانب سے گاندھی مارکیٹ، منٹو روڈ میں ’آم کے ساتھ خاص بات چیت‘ کے عنوان سے ایک مینگو پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں دہلی کانگریس کے متعدد سینئر رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد غیر رسمی ماحول میں پارٹی سے وابستہ افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانا، باہمی روابط کو مضبوط بنانا اور موسم گرما کی مناسبت سے خوشگوار ملاقات کا موقع فراہم کرنا تھا۔تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو شریک ہوئے۔ اس موقع پر شعبہ مواصلات کے چیئرمین انل بھردواج، ممتاز پٹیل، چاندنی چوک ضلع کانگریس کے صدر محمد عثمان، سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان، سابق کونسلر محمود ضیا اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔مرزا جاوید علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کے پروگرام کارکنان اور رہنماؤں کے درمیان خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور تنظیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ایسے مواقع بھی اہم ہوتے ہیں جہاں تمام ساتھی غیر رسمی ماحول میں ایک دوسرے سے مل سکیں، خیالات کا تبادلہ کریں اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنائیں۔تصویر پریس ریلیزاس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات ایک دوسرے کو قریب لانے اور تنظیمی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رہنما اور کارکن مختلف سیاسی پروگراموں میں مسلسل شریک ہوتے رہتے ہیں، تاہم ایسے مواقع انہیں سکون کے چند لمحات گزارنے اور ایک دوسرے کے ساتھ بہتر انداز میں رابطہ قائم کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مرزا جاوید علی اور کنور شہزاد کو اس تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں سماجی میل جول کے ساتھ ساتھ ملک کی تہذیبی اور ثقافتی روایات کو بھی فروغ دیتی ہیں۔کنور شہزاد نے کہا کہ یہ تقریب صرف آم کی دعوت نہیں بلکہ باہمی ہم آہنگی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی قیادت ہمیشہ اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ شرکت کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیتی رہی ہے اور اسی سوچ کے تحت اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے دوران شرکا نے ایک دوسرے سے ملاقات کی، آم سے لطف اندوز ہوئے اور خوشگوار ماحول میں تبادلۂ خیال کیا۔ پروگرام کی نظامت محمد ربانی، ضلع نائب صدر چاندنی چوک یوا کانگریس، نے کی۔ تقریب میں فیضان دہلوی، سیما عابد، کارتک سنگھ، ببیتا سنگھ، حسین اختر منصوری، محمد سبحان، عدنان اشرف، محمد آصف، سید عباد، اسد میاں، محمد خضر، راجیش پوری، اشوک جین، ستیش شرما اور راہل ڈابلا سمیت متعدد کارکنان اور سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔