نیوزی لینڈ میں ورک ویزا، ملازمت اور رہائش کے نئے مواقع

Wait 5 sec.

اسلام آباد (27 جون 2026) : نیوزی لینڈ نے غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کے لیے "ایکریڈیٹڈ ایمپلائر ورک ویزا” پروگرام کے تحت ملازمت اور مستقل رہائش کے ممکنہ مواقع فراہم کرنے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق اس ویزا کے تحت درخواست گزار نیوزی لینڈ کے منظور شدہ (ایکریٹیٹڈ) آجر کے لیے ہفتے میں کم از کم 30گھنٹے کام کر سکتے ہیں۔ملازمت کی نوعیت، مہارت کی سطح اور تنخواہ کے مطابق ویزا ہولڈر کو 5 سال تک نیوزی لینڈ میں قیام کی اجازت مل سکتی ہے جبکہ بعض صورتوں میں یہ ویزا مستقل رہائش (ریزیڈنسی) کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے۔حکام کے مطابق ویزا حاصل کرنے کے لیے امیدوار کے پاس کسی منظور شدہ آجر کی جانب سے حقیقی اور کل وقتی ملازمت کی پیشکش ہونا ضروری ہے۔ملازمت کی پیشکش موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق تنخواہ پر مبنی ہو اور اس کے لیے منظور شدہ "جاب چیک” بھی مکمل کیا گیا ہو۔نیوزی لینڈ کی امیگریشن اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی آجر یا اس کا نمائندہ ملازمت دلوانے کے عوض کارکن سے فیس وصول نہیں کر سکتا اور نہ ہی بھرتی کے اخراجات امیدوار پر منتقل کیے جا سکتے ہیں۔ویزا کے لیے درخواست دینے والوں کو کم از کم دو سال کا متعلقہ تجربہ یا نیوزی لینڈ کوالیفکیشن فریم ورک کے لیول فور یا اس سے اعلیٰ درجے کی تعلیمی قابلیت درکار ہوگی۔امیدواروں کو تجربے کے ثبوت کے طور پر حوالہ جاتی خطوط، ملازمت کے سرٹیفکیٹس، تنخواہ کی پرچیاں یا ٹیکس دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ صرف سی وی یا ریزیومے کو کافی نہیں سمجھا جائے گا۔اس کے علاوہ بعض پیشوں کے لیے پیشہ ورانہ رجسٹریشن بھی لازمی ہوگی، اسی طرح مخصوص کم مہارت والے شعبوں میں کام کرنے والوں کو انگریزی زبان میں مہارت کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا۔امیگریشن حکام کے مطابق درخواست گزاروں کو اچھی صحت اور اچھے کردار کا حامل ہونا چاہیے، جس کے لیے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور بعض صورتوں میں طبی معائنہ یا سینے کا ایکسرے بھی درکار ہو سکتا ہے۔درخواست کا عمل اس وقت شروع ہوتا ہے جب منظور شدہ آجر امیدوار کو ملازمت کی پیشکش، ملازمت کا معاہدہ اور آن لائن درخواست کے لیے مخصوص "جاب ٹوکن” فراہم کرتا ہے۔اس کے بعد امیدوار مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرکے آن لائن درخواست جمع کرواتا ہے اور مقررہ فیس ادا کرتا ہے، جو تقریباً 1540 نیوزی لینڈ ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔امیگریشن حکام کے مطابق 80 فیصد درخواستوں پر تقریباً 6 ہفتوں کے اندر فیصلہ کر لیا جاتا ہے، منظوری کی صورت میں درخواست گزار کو الیکٹرانک ویزا (ای ویزا) جاری کیا جاتا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی کارکنوں کی بھرتی سے قبل آجر کو باقاعدہ ایکریڈیشن حاصل کرنا اور جاب چیک کا عمل مکمل کرنا ضروری ہے، جس میں بعض اوقات مقامی سطح پر ملازمت کا اشتہار دینا بھی شامل ہوتا ہے۔نیوزی لینڈ نے ہنرمند غیرملکیوں کو خوشخبری سنادی