لندن : شہزادہ ہیری کا 5 سال قبل پرانا واقعہ دوبارہ توجہ کا مرکز بن گیا، لیڈی ڈیانا کی قبر پر میگھن مارکل نے جو دعا کی تھی اس کے الفاظ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے۔برطانیہ میں آئندہ سال منعقد ہونے والے انوِکٹس گیمز 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی متوقع برطانیہ آمد سے قبل لیڈی ڈیانا کی آخری آرام گاہ پر ان کے ایک جذباتی دورے کی تفصیلات دوبارہ توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔یہ واقعہ شہزادہ ہیری کی یادداشت اسپیئر میں بیان کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے 2022 میں اپنی والدہ، مرحومہ شہزادی ڈیانا، کی وفات کی 25ویں برسی کے موقع پر قبر پر حاضری کا ذکر کیا تھا۔شہزادہ ہیری کے مطابق انہوں نے قبر پر پھول رکھے اور خاموشی سے اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے "خصوصی دعا کی۔بعد ازاں انہوں نے میگھن کو تنہائی میں دعا کرنے کا موقع دیا، ان کے بقول جب وہ واپس آئے تو میگھن قبر کے قریب خاموشی سے دعا میں مصروف تھیں۔ واپسی پر جب انہوں نے پوچھا کہ انہوں نے کیا دعا کی، تو میگھن نے جواب دیا کہ ’وضاحت اور رہنمائی‘ کی۔شہزادہ ہیری نے اس لمحے کو اپنی زندگی کے اہم ترین جذباتی تجربات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں محسوس ہوا جیسے وہ اپنی والدہ سے اپنی شریکِ حیات کا تعارف کروا رہے ہوں۔شاہی مبصرین کے مطابق ڈیوک اور ڈچس آف سسیکس آئندہ ماہ برطانیہ کا دورہ کر سکتے ہیں، جہاں وہ برمنگھم میں 2027 انوِکٹس گیمز کی الٹی گنتی کے آغاز سے متعلق تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اگر یہ دورہ طے پاتا ہے تو میگھن اور ان کے بچوں، شہزادہ آرچی اور شہزادی لیلی بیٹ، کی 2022 کے بعد پہلی برطانیہ آمد ہوگی۔یاد رہے کہ شہزادی ڈیانا جن کا 1997 میں پیرس میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں انتقال ہوا تھا، الٿورپ اسٹیٹ کی جھیل کے وسط میں واقع ایک جزیرے پر آسودۂ خاک ہیں۔ یہ مقام عام عوام کے لیے کھلا نہیں۔