کیرالہ کی ایک مشہور کوہ پیما زہرہ چیروکپلی اتوار کو اپنے پورے خاندان کے ساتھ وائناڈ کی کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا سے ملنے پہنچیں۔ زہرہ ماؤنٹ ایورسٹ کو کامیابی کے ساتھ فتح کرنے والی کیرالہ کی تیسری خاتون ہیں۔ پرینکا گاندھی نے زہرہ کو ان کی اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے زہرہ کے پختہ عزم، ہمت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے ان کی اس کامیابی کو ملک بھر کی خواتین کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔Congress General Secretary & Wayanad MP Smt. @priyankagandhi ji met Zuhra Cherukappalli and congratulated her on the remarkable feat of conquering Mount Everest.Wayanad, Kerala pic.twitter.com/RKBTGzLjrx— Congress (@INCIndia) June 28, 2026کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے ایورسٹ فاتح زہرہ چیروکپلی اور پرینکا گاندھی کی ملاقات کی کچھ تصاویر شیئر کیں۔ اپنی پوسٹ میں پارٹی نے لکھا کہ ’’کانگریس کی جنرل سکریٹری اور وائناڈ کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے زہرہ چیروکپلی سے ملاقات کی اور ماؤنٹ ایورسٹ فتح کرنے کے شاندار کارنامے پر انہیں مبارکباد دی۔‘‘زہرہ بنیادی طور پر منجیری، ملپورم (کیرالہ) کی رہنے والی ہیں اور پیشے کے لحاظ سے ایچ آر کے شعبے سے وابستہ رہی ہیں۔ زہرہ کو ایک کوہ پیما، راک کلائمبر اور ٹریول بلاگر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ مئی 2026 میں انہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی فتح کی اور ایسا کرنے والی کیرالہ کی تیسری خاتون بن گئیں۔ حالانکہ یہ ان کی دوسری کوشش تھی۔ پہلی کوشش کے دوران وہ ناکام رہی تھیں۔ ان کی پہلی ایورسٹ چڑھائی کی کوشش خراب موسم کی وجہ سے ادھوری رہ گئی تھی، لیکن انہوں نے دوبارہ کوشش کی اور 20 مئی 2026 کو کامیابی حاصل کر لی۔ زہرہ 2 بچوں کی ماں ہیں۔ ایورسٹ مہم کی تیاری کے لیے انہوں نے کئی سالوں تک تربیت حاصل کی اور چھوٹے چھوٹے پہاڑوں سے شروعات کرتے ہوئے ہمالیائی مہمات تک پہنچیں۔واضح رہے کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کیرالہ کے دورے پر تھیں۔ اس دوران انہوں نے وائناڈ میں پارٹی سے وابستہ افراد کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کلپیٹا کے پڈنجاراتھرا میں ضلع سطحی پلس پولیو ویکسینیشن مہم کا افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے وائناڈ پارلیمانی حلقے کے اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کی اور طلبہ کے لیے منعقدہ ’ایم ایل اے ایکسیلنس ایوارڈ‘ تقریب میں بھی شرکت کی۔