فرانس اور یورپ میں جان لیوا ہیٹ ویو کی اصل وجہ ‘اومیگا بلاک’! آخر یہ کیا ہے؟

Wait 5 sec.

پیرس : فرانس اور یورپ میں جان لیوا ہیٹ ویو کی اصل وجہ سامنے آگئی، خاص موسمی نظام ‘اومیگا بلاک’ کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔فرانس سمیت پورے یورپ کو اپنی لپیٹ میں لینے والی حالیہ جان لیوا اور شدید ہیٹ ویو کی اصل سائنسی وجہ سامنے آ گئی، موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ اس خوفناک گرمی کی بنیادی وجہ ایک خاص موسمی نظام ہے جسے ‘اومیگا بلاک’ (Omega Block) کہا جاتا ہے۔‘اومیگا بلاک’ کیا ہے اور یہ کیسے اثر کرتا ہے؟ماہرین نے وضاحت کی ہے کہ ‘اومیگا بلاک’ ایک ایسا موسمی پیٹرن ہے جس میں دو سرد اور کم دباؤ والے موسمی حصوں کے درمیان ہائی پریشر (ہوا کے زیادہ دباؤ) کا گرم حصہ پھنس جاتا ہے۔ عام حالات میں ہوا کا دباؤ موسم کو مغرب سے مشرق کی طرف لے جاتا ہے، لیکن اومیگا بلاک کی وجہ سے یہ بہاؤ رک جاتا ہے اور گرم ہوا ایک ہی جگہ ٹھہر جاتی ہے۔یہ بلاک عام طور پر 3 سے 10 دن رہتا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں یہ کئی ہفتے برقرار رہ سکتا ہے، اس ہائی پریشر کی وجہ سے بادل نہیں بن رہے، جس کے باعث فرانس، اسپین اور برطانیہ میں درجہ حرارت تمام ریکارڈ توڑ چکا ہے۔‘ورلڈ ویدر ایٹری بیوشن’ کے ماہرین نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بغیر یورپ میں اس ریکارڈ گرمی کا ہونا ناممکن تھا۔کوئلہ، تیل اور گیس جلانے کے باعث صنعتی دور کے بعد سے زمین کا درجہ حرارت 1.4 ڈگری تک بڑھ چکا ہے، جس سے گرمی اب زیادہ طویل، شدید اور کثرت سے آ رہی ہے۔ماہرین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر صنعتی سرگرمیوں کے دوران زہریلی گیسوں کا اخراج فوری کم نہ کیا گیا تو دنیا مزید بڑی تباہی کا شکار ہو جائے گی۔ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی اور یورپی ممالک طویل عرصے سے ایشیا کے ترقی پذیر ملکوں کو صنعتوں سے مضرِ صحت گیسوں کے اخراج پر بار بار وارننگ جاری کر رہے تھے اور 10 سال پہلے ان پر پابندیاں لگانے کا اشارہ بھی دیا تھا، لیکن آج حالات خود ان کے اپنے ملکوں میں زیادہ تشویشناک ہو چکے ہیں، جس نے اب خود یورپی ماڈل اور ان کی ماحولیاتی پالیسیوں پر کئی بڑے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔