ٹوکیو: جاپان میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری کردیا گیا اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق جاپان میں دو سمندری طوفانوں کے باعث ہونے والی شدید اور موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے بعد ملک کے کئی حصوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔جاپانی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ان طوفانوں کے زیرِ اثر مغربی اور جنوب مغربی جاپان میں ریکارڈ توڑ بارشیں جاری ہیں، حکام نے سمندر میں اونچی لہریں اٹھنے اور انتہائی تیز ہوائیں چلنے کا شدید انتباہ جاری کیا ہے۔خراب موسم اور طوفان کے باعث جاپانی ایئرلائنز نے اپنی 120 سے زائد ملکی و بین الاقوامی پروازیں فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں، جس سے ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔شدید بارشوں اور ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر جاپان کی بڑی آٹوموبائل (گاڑیاں بنانے والی) کمپنیوں نے اپنے کارخانوں میں پروڈکشن عارضی طور پر روک دی ہے۔جاپان کے متاثرہ علاقوں میں ٹرین سروس مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور مقامی شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ٹوکیو اور کیوٹو سمیت جاپان کے متعدد بڑے شہروں میں ندی نالوں میں طغیانی کے بعد سیلابی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔مغربی جاپان میں پہاڑی علاقوں کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرے کے پیشِ نظر انتظامیہ نے ہزاروں شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔