شادی سے انکار کیوں کیا؟ لڑکے نے سفاکی کی انتہا کردی

Wait 5 sec.

بنگلورو : محبت کے انجام نے لوگوں کے دل دہلا دیے، شادی سے انکار پر مشتعل نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی محبوبہ کو ڈنر پر بلانے کے بعد اسے انتہائی سفاکی سے قتل کر ڈالا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 23 سالہ انجلی اتوار کی رات بنگلورو کے علاقے مہالکشمی لے آؤٹ میں اپنے بوائے فرینڈ راجیو سے ملنے گئی تھی، دونوں کے درمیان شادی کے معاملے پر گفتگو ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔پولیس کے مطابق انجلی اور راجیو گزشتہ 3 چار سال سے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ایک ہی ادارے میں کام کرتے تھے، دونوں کے اہل خانہ ان کے اس تعلق سے آگاہ بھی تھے، تاہم بعد ازاں انجلی کے اہل خانہ نے راجیو کے مبینہ مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے شادی کی مخالفت کی تھی۔خاندانی دباؤ کے بعد انجلی نے تعلق ختم کرنے اور راجیو سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا، لیکن ملزم مسلسل شادی کے لیے اصرار کرتا رہا۔تحقیقات کے مطابق اتوار کی شام راجیو نے انجلی کو ڈنر کی دعوت دی اور کھانا کھانے کے بعد اسے پلان کے مطابق  ایک علاقے میں لے گیا، جہاں اس نے ایک بار پھر شادی کا مطالبہ دہرایا۔بالآخر انجلی نے تنگ آکر جب واضح طور پر شادی سے انکار اور رشتہ ختم کرنے کا اصولی اور آخری فیصلہ سنایا تو دونوں کے درمیان شدید تکرار شروع ہو گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ انجلی وہاں سے جانے لگی تو راجیو نے مبینہ طور پر اس کا تعاقب کیا اور اپنے ساتھ لائے گئے چاقو سے حملہ کر دیا، شدید زخمی ہونے والی نوجوان خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔واقعے کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر ہی گرفتار کرلیا، پولیس کا ابتدائی مؤقف ہے کہ ملزم محبوبہ کی جانب سے تعلق ختم کرنے کے فیصلے کو قبول نہ کر سکا اور اسی وجہ سے اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔