ریاض : سعودی عرب کی توکلنا ایپ نے نیا سنگ میل عبور کرکے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، صارفین کی تعداد 36.7 ملین سے تجاوز کرگئی۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق کی ڈیجیٹل ایپلی کیشن توکلنا نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے اجرا کے بعد سے 30 ارب سے زائد آپریشنز مکمل کرلیے ہیں۔سال 2020 میں اپنے آغاز کے بعد سے اب تک ایپ پر روزانہ اوسطاً 8 کروڑ 80 لاکھ آپریشنز کیے جا رہے ہیں، جو سعودی عرب میں تیز رفتار ڈیجیٹل تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کے تحت تیار کی گئی توکلنا ایپ کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 3 کروڑ 67 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ روزانہ 21 لاکھ سے زائد فعال صارفین مختلف خدمات سے استفادہ کرتے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق توکلنا ایپ کے ذریعے صارفین کو سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی 1800 سے زائد ڈیجیٹل خدمات تک رسائی حاصل ہے۔یہ خدمات تقریباً 380 مختلف اداروں کے ساتھ مربوط ہیں، جس کے باعث صارفین کو متعدد سرکاری اور عوامی خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہیں۔ایپ کے ڈیجیٹل والٹ میں اب 800 سے زائد اقسام کے سرکاری دستاویزات اور ڈیجیٹل شناختی کارڈز محفوظ کیے جا رہے ہیں۔ ان ڈیجیٹل دستاویزات کو اب تک 3.6 ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔توکلنا ایپ کے نوٹیفکیشن سسٹم کے ذریعے بھی صارفین کو بڑے پیمانے پر معلومات اور سرکاری اعلانات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس نظام کے ذریعے اب تک 2.1 ارب سے زائد اطلاعات اور پیغامات صارفین تک پہنچائے جاچکے ہیں۔FOLLOW US ON ARY TUBEسعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی نے توکلنا ایپ کو ایک ایسے متحد اور کاغذ سے پاک ڈیجیٹل نظام کے طور پر تیار کیا ہے، جس کا مقصد مختلف عوامی خدمات تک رسائی کو آسان بنانا اور شہریوں و رہائشیوں کے لیے خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔2020میں متعارف کرائی جانے والی یہ ایپ وقت کے ساتھ مختلف ڈیجیٹل سہولیات کو اپنے اندر شامل کرتی گئی ہے اور اب سعودی عرب کے ڈیجیٹل حکومتی نظام کا ایک اہم حصہ بن چکی ہے۔سعودی عرب : توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے ایک اور بڑی سہولت