سعودی عرب میں بڑا کریک ڈاؤن، ہزاروں افراد گرفتار اور ملک بدر

Wait 5 sec.

سعودی عرب نے ایک ہفتے میں 10,431 افراد کو ملک بدر کر دیا جب کہ خلاف ورزیوں پر تقریباً 14,000 افراد گرفتار کر لیے گئے۔سعودی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر 10,431 افراد کو ملک بدر کر دیا گیا ہے جبکہ رہائشی، لیبر اور سرحدی سیکیورٹی سے متعلق خلاف ورزیوں پر ایک ہفتے تک جاری رہنے والے ملک گیر کریک ڈاؤن کے دوران تقریباً 14,000 افراد کو گرفتار کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق، سیکیورٹی حکام نے متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر یکم سے 7 اکتوبر کے درمیان چلائی جانے والی مشترکہ تفتیشی مہمات کے دوران 13,889 افراد کو گرفتار کیا۔گرفتار کیے جانے والوں میں رہائشی قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں 6,785 افراد، سرحدی سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کے شبے میں 3,710 افراد اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر 3,394 افراد شامل ہیں۔وزارت نے سرحدوں کے راستے مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 1,382 افراد کی گرفتاری کی بھی اطلاع دی۔سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران حراست میں لیے گئے افراد میں سے 66 فیصد کا تعلق ایتھوپیا سے، 33 فیصد کا یمن سے اور باقی ایک فیصد کا تعلق دیگر قومیتوں سے تھا۔مزید برآں، 34 افراد کو مملکت سے غیر قانونی طور پر نکلنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔