خودکشی کی کوشش میں 11ویں منزل سے چھلانگ لگانے والا زندہ بچ گیا، راہگیر لڑکی دب کر ہلاک

Wait 5 sec.

ناگویا(12 اکتوبر 2026): 11ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کرنے والا شخص زندہ بچ گیا لیکن 23 سالہ لڑکی اس کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گئی۔جاپان کے شہر ناگویا میں ایک المناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جہاں 11ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کرنے والا شخص تو زندہ بچ گیا لیکن نیچے سے گزرنے والی 23 سالہ بے گناہ لڑکی اس کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گئی۔یہ حادثہ جولائی میں ناگویا کے معروف اور گنجان علاقے ناکا وارڈ (ساکائے) میں رات کو پیش آیا۔ 29 سالہ ملزم نے ایک اپارٹمنٹ کی 11ویں منزل سے نیچے چھلانگ لگا دی۔اسی اثنا میں 23 سالہ توموکی انابا اپنی دوست کے ساتھ سڑک سے گزر رہی تھی کہ چھلانگ لگانے والا شخص سیدھا اس کے اوپر آ گرا۔ شدید زخمی حالت میں لڑکی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جبکہ خودکشی کی کوشش کرنے والا شخص شدید زخمی ہونے کے بعد علاج کے نتیجے میں بحال ہو گیا۔جاپان میں شدید گرمی کی نئی تاریخ رقم، درجہ حرارت بلند ترین سطح پر پہنچ گیاپولیس نے ابتدائی طور پر ملزم کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد "شدید غفلت اور لاپروائی کے باعث ہلاکت” کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ تاہم، مقتولہ کے والد کینجی نے اس موقف کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ ملزم نے ایسی سڑک پر چھلانگ لگائی جہاں ہر وقت لوگوں کی آمدورفت رہتی ہے، اور ملزم خود اس بات سے باخبر تھا کہ نیچے سے گزرنے والے افراد کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔مقتولہ کے والد کے مطابق ملزم سے ملاقات کے دوران اس نے تسلیم کیا کہ اس نے نیچے لوگوں کی موجودگی کے امکان کو نظر انداز کر کے چھلانگ لگائی تھی۔کینجی نے استغاثہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کے خلاف جرم کی نوعیت کو تبدیل کر کے اسے قتل کی دفعات کے تحت چارج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جو جینا چاہتی تھی وہ دنیا سے چلی گئی اور جو مرنا چاہتا تھا وہ زندہ ہے، اس سے زیادہ دکھ کی بات اور کیا ہو سکتی ہے۔ میں اس واقعے کو محض ایک حادثہ قرار دے کر ختم نہیں ہونے دوں گا۔عوام میں اس کیس کے حوالے سے شدید غصہ پایا جاتا ہے اور اب تک 45 ہزار سے زائد افراد مقتولہ کے والد کی جانب سے چلائی جانے والی درخواست پر دستخط کر کے ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور انصاف کا مطالبہ کر چکے ہیں۔