مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں مکہ کے کئی علاقوں میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ مسجد الحرام میں عمرہ زائرین بارش کے دوران طواف، عبادت اور دعاؤں میں مصروف رہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے بارش کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔مسجد الحرام میں مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا گیا۔یاد رہے سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کئی علاقوں میں منگل سے آئندہ ہفتے تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا ہے۔موسمیات کے قومی مرکز نے مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کی پیشگوئی کی تھی۔ گرد آلود ہوائیں چلنے، ژالہ باری اور سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے۔